loading...
عین الحیات فاونڈیشن

🍀ساتویں امام (ع) کی سات خصوصیات🏴

تحریر: سید رعایت حسین رضوی

            ہمارے ساتویں امام حضرت موسی کاظم(علیہ السلام) اپنے زمانے کے لوگوں میں، باب الحوائج، عبد الصالح، امین، عالم،  وفیّ اور طیب جیسے القابات سے جانے جاتے تھے ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ صفات آپ (ع) کی ذات میں عینیت رکھتے تھے اور نمایاں بھی تھے ، اور ان صفات میں سے ہر ایک صفات اگر کسی معاشرے میں رائج ہو جائیں اور لوگوں کی خصوصیت بن جائیں تو اس سے معاشرے کی طرز زندگی بدل سکتی ہے اور بہت سے انفرادی اور معاشرتی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

اگرچہ تمام معصومین (علیہم السلام) مطلوبہ صفات رکھتے تھے اور ان کی زندگی میں بھی بہت سی مشترک خصوصیات پائی جاتی تھیں ، لیکن جو نمایاں خصوصیات وقت اور اپنے زمانے کی ضرورتوں کی بنا پر ہر امام کی طرز زندگی میں زیادہ واضح ہوتی ہیں، ان کو اس امام کے معروف و مشہور القابات کا عنوان دیا جاتا ہے۔  اس لیے اس مضمون میں ساتویں امام کی شہادت کے موقع پر ہم موسیٰ بن جعفر علیہ السلام کے سات القابات پر بات کریں گے، جن کے مثبت اثرات فرد و اجتماع پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ اپنی زندگی میں اگر ہم ان کو اسوہ  کے طور پر فالو کریں تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔

۱- کاظم

 "کاظم" امام موسیٰ بن جعفر علیہ السلام کے مشہور القاب میں سے ایک ہے اور یہ لفظ کسی ایسے شخص کے بارے میں کہا جاتا ہے جو اپنے غصے پر بہت زیادہ قابو رکھتا ہو، آپ (ع) ظالموں کے ظلم اور حاسدوں کی باتوں کے مد مقابل حلیم و بردبار تھے اور کظم غیظ کیا کرتے تھے اور ان کا جواب احسان اور مالی امداد کے ذریعہ دیا کرتے تھے اسلئے آپ کو کاظم لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

مدینے کے ایک حاکم سے آپ کو سخت تکلیفیں پہنچیں . یہاں تک کہ وہ جناب امیر کی شان میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کیا کرتا تھا مگر آپ نے اپنے اصحاب کو ہمیشہ اس کے جواب دینے سے روکا . جب اصحاب نے اس کی گستاخیوں کی بہت شکایات کیں اور یہ کہا کہ ہمیں ضبط کی تاب نہیں . ہمیں اس سے انتقام لینے کی اجازت دی جائے تو آپ نے فرمایا کہ" میں خود اس کا تدارک کروں گا "  اس طرح ان کے جذبات میں سکون پیدا کرنے کے بعد خود اس شخص کے پاس اسکی زراعت پر تشریف لے گئے اور کچھ ایسا احسان اور سلوک فرمایا کہ وہ اپنی گستاخیوں پر نادم ہوا ا ور اپنے طرزِ عمل کو بدل دیا۔ آپ نے اپنے اصحاب سے صورت حال بیان فرماکر پوچھا کہ جو میں نے اس کے ساتھ کیا وہ اچھا تھا یا جس طرح تم لوگ اس کے ساتھ کرنا چاہتے تھے۔ سب نے کہا , یقیناً حضور آپ نے جو طریقہ استعمال فرمایا وہی بہتر تھا ۔ ( تاریخ بغداد، ۱۴۱۷ق، ج۱۳، ص۳۰. )

 ۲- باب الحواج

"باب الحوائج" اس شخص کو کہا جاتا ہے جو لوگوں کی حاجت روائی کرتا ہو ۔ یہ لقب ساتویں امام علیہ السلام کے مشہور القاب میں سے ایک ہے، اس لئے کیونکہ آپ کی زندگی کے دوران، لوگ اپنی مادی اور روحانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آپ کی طرف رجوع کرتے تھے ، اور دوسروں کی مدد کرنا آپ کا طرز زندگی تھا۔

امام کاظم علیہ السلام نے اپنی زندگی میں عفو و درگزر اور ضرورت مندوں کے ساتھ سخاوت کو بہت اہمیت دی ۔ ابن عنبہ نے موسیٰ بن جعفر علیہ السلام کی سخاوت کے بارے میں کہا ہے کہ وہ رات کو باہر نکلتے اور اپنے ساتھ درہم کے تھیلے لے کر جاتے اور وہ لوگوں کے پاس پہنچ جاتے یا وہ تھیلے ان لوگوں کو دیتے جو ان کی مہربانیوں میں دلچسپی رکھتے تھے۔ ان کے پیسوں کے تھیلے تک  محاورہ بن چکے تھے۔ جس کو یہ تھیلے ملیں گے وہ کبھی غریب نہیں ہوگا۔

۳- عبدالصالح

"عبد الصالح" کا مطلب ہے ایک اچھا بندہ، قرآنی اصطلاحات میں سے ایک ہے جو کچھ لوگوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، اور امام کاظم علیہ السلام کو شیعہ اور سنی منابع میں عبد صالح  ان کی عظیم عبادت کی وجہ جانا جاتا ہے۔

بعض روایات کے مطابق امام کاظم علیہ السلام نے اتنی عبادتیں کی کہ زندانبان بھی آپ سے متاثر ہوئے۔ شیخ مفید کہتے ہیں کہ آپ (ع) اپنے زمانے کے سب سے زیادہ متقی لوگوں میں سمجھے جاتے تھے اور بیان کرتے ہیں کہ آپ خوفِ خدا سے اس قدر گریہ کرتے تھے کہ آپ کی ریش مبارک آنسوؤں سے تر ہو جایا کرتی تھی ۔

ابن شہر آشوب نے  بھی نقل کیا ہے کہ موسیٰ بن جعفر علیہ السلام دس سال سے زیادہ عرصہ تک ہر روز طلوع آفتاب کے بعد ظہر تک سجدے میں رہتے تھے۔ آپ خوبصورت لحن  کے ساتھ قرآن کی تلاوت کرتے اور تلاوت کرتے ہوئے محزون و غمگین ہو جایا کرتے ۔اور  ان کی تلاوت سے سننے والے بھی رو پڑتے تھے۔

۴- امین

ساتویں امام علیہ السلام اپنے جد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح امانت داری اور لوگوں کی رازداری کی وجہ سے لوگوں کے درمیان  "امین" کے نام سے جانے جاتے تھے، یہاں تک کہ اگر کسی نے آپ کی توہین اور آپ کو گالیاں بھی دی ہو تب بھی آپ اس کی عزت آبرو کی حفاظت کرتے اور اس کے ساتھ اچھا سلوک و احسان کیا کرتے اور اس کی ضروریات کو پورا کرتے۔

امام موسیٰ کاظم علیہ السلام نے ایک روایت میں فرمایا: "أداءُ الاْمانَةِ وَ الصِّدقُ یَجْلِبانِ الرِّزْقَ، وَ الْخِیانَةُ وَ الْکِذْبُ یَجْلِبانِ الْفَقْرَ وَ النِّفاقَ" امانت اور صدقہ رزق کا باعث بنتا ہے اور خیانت اور جھوٹ غربت اور منافقت کا باعث بنتا ہے۔ (تحف العقول صفحہ 297)

۵- عالم

امام کاظم علیہ السلام سے علم و عالم کے مقام و منزلت کے حوالے سے بہت سی احادیث نقل کی گئی ہیں، جن میں فرمایا گیا ہے: "قَلیلُ الْعَمَلِ مِنَ الْعاقِلِ مَقْبُونٌ مُضاعَفٌ وَ کَثیرُالْعَمَلِ مِنْ أهْلِ الْهَوى وَالْجَهْلِ مَرْدُودٌ" (تحف العقول: ص ۲۸۶، بحارالأنوار: ج ۷۰، ص ۱۱۱، ح ۱۴)" عقلمند کا عمل قابل قبول ہے اور اس کا اجر کئی گنا زیادہ دیا جائے گا، خواہ وہ تھوڑا ہی کیوں نہ ہو، لیکن جاہل اور شہوت پرست، خواہ بہت زیادہ کام کرے، خدمت و عبادت کرے، قبول نہیں کیا جائے گا۔" دوسری جگہ , امام موسی کاظم علیہ السلام علماء کے سامنے جھکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں؛ کیونکہ وہی لوگ ہیں جو لوگوں کو زندگی کا صحیح طریقہ اور اس کا فلسفہ سکھاتے ہیں اور لوگوں کو اچھا بناتے اور اچھا راستہ دکھاتے ہیں۔ اس لیے فرماتے ہیں کہ " عَظِّمِ العالِمَ لِعِلْمِهِ وَدَعْ مُنازَعَتَهُ، وَ صَغِّرِالْجاهِلَ لِجَهْلِهِ وَلاتَطْرُدْهُ وَلکِنْ قَرِّبْهُ وَ عَلِّمْهُ؛ "۔ عالم کے علم کی وجہ سے اس کی تعظیم کرو اور اس سے بحث نہ کرو اور جاہلوں کی طرف توجہ نہ کرو اور اسے رد بھی نہ کرو بلکہ اسے متوجہ کرو اور اسے سکھاؤ جو وہ نہیں جانتا۔ (تحف العقول: ص 303 اور ص 209)

۶۔ وفیّ

ساتویں امام علیہ السلام، ائمہ معصومین علیہم السلام کی طرح جو قرآن کے حقیقی مفسر اور عمل کرنے والے ہیں، اس خصوصیت میں بھی لوگوں کے پیشوا تھے اور اسی وجہ سے آپ وفی کے لقب سے لوگوں میں مشہور تھے۔

موسیٰ بن جعفر علیہ السلام نے اس خصوصیت پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب اور سفارش کی ہے۔  امام کاظم علیہ السلام نے ایک روایت میں فرمایا کہ "اذا وعدتم الصغار فاوفوا لهم فانهم یرون انکم انتم الذین ترزقونهم" ( عدہ الداعی ص ٥٨ ) جب آپ بچوں سے کوئی وعدہ کرتے ہیں تو اسے پورا کریں اور وفا کریں کیونکہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ تم انہیں رزق پہنچا رہے ہو (اور اس طرح وہ اپنے حقیقی رازق اور خدا کی عظمت پر اعتماد کریں گے)۔

۷۔ طیب

امام موسیٰ کاظم علیہ السلام نے خدا کی طرف سے ایک ھادی و رہنما ہونے کے ناطے نظافت و پاکیزگی اور صحت کے فوائد پر بہت زیادہ توجہ دلائی ہے اور اسے چھوڑنے کے نقصانات کی نشاندہی کی ہے، منجملہ نظافت و پاکیزگی کی طرف توجہ نہ کرنے کے نتائج کے بارے میں آپ نے فرمایا کہ  "وَشَعْرُ الْجَسَدِ إذا طالَ قَطَعَ ماءَ الصُّلْبِ، وَأرْخىَ الْمَفاصِلَ، وَ وَرِثَ الضَّعْفَ وَالسِلَّ، وَ إنَّ النُّورَهَ تَزیدُ فِى ماءِالصُّلْبِ، وَ تُقَّوِى الْبَدَنَ، وَتَزیدُ فى شَخْمِ الْکُلْیَتَیْنِ، وَ تَسْمِنُ الْبَدَنَ" ( وسائل الشّیعه: ج ۲، ص ۶۵، ح ۱۴۹۹) " اگر بغل کے بال اور شرمگاہ کے اردگرد کے بال بڑھ جائیں تو یہ کمر کے پانی کی کمی ، ہڈیوں کے جوڑوں کی کمزوری اور سینے اور گلے کی کمزوری کا باعث بنتے ہیں، نورہ کا استعمال تمام چیزوں کو مضبوط بناتا ہے ۔

مطالب مرتبط
ارسال نظر برای این مطلب

کد امنیتی رفرش
اطلاعات کاربری
  • فراموشی رمز عبور؟
  • آرشیو
    آمار سایت
  • کل مطالب : 123
  • کل نظرات : 2
  • افراد آنلاین : 1
  • تعداد اعضا : 0
  • آی پی امروز : 3
  • آی پی دیروز : 5
  • بازدید امروز : 89
  • باردید دیروز : 6
  • گوگل امروز : 0
  • گوگل دیروز : 0
  • بازدید هفته : 103
  • بازدید ماه : 138
  • بازدید سال : 1,483
  • بازدید کلی : 21,837