loading...
عین الحیات فاونڈیشن

🌻جناب زینب علیہاالسلام کی سات خصوصیات🏴

🔰 تحریر: سید تعلیم رضا جعفری

 

  • جناب زینب علیہاالسلام شہیدان کربلا کے خون کا پیغام دنیا تک پہونچانے والی خاتون ہیں۔ آپ نے حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے ساتھیوں کے قیام اور واقعہ کربلا کے بعد وقت کے سب سے بڑے ظالم و جابر حکمران اور اس کے ہم نوالہ اور ہم فکر افراد کو رہتی دنیا تک رسوا اور ذلیل کرنے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
  • حضرت زینب علیہاالسلام وقار، حیا، سرفرازی، سربلندی، پایداری، استقامت، عبادت اور صبر و وفاداری جیسے میدانوں کی بلندی پر فائز ہیں۔
  • حضرت زینب علیہاالسلام جلالت و عظمت، بلندی منزلت، قوت استدلال، عقل و فہم میں برتری، قلب و روح میں مضبوطی، فصاحت و بلاغت میں اپنے اجداد اور والدین کی وارث تھیں۔ کوفہ و شام میں آپ کے بیانات اور خطبات میں ان تمام باتوں کی جھلک نظر آتی ہیں۔
  • حضرت زینب علیہاالسلام نے خدا کے دین کی راہ میں قربانی کے لئے عون و محمد جیسے بہادر فرزندوں کی تربیت فرمائی تھی اور میدان کربلا میں اپنے وقت کے امام کے لئے قربان کرکے شکرانہ ادا کیا تھا۔
  • آپ "ام المصائب" یعنی مصیبتوں کا سامنا کرنے اور ان کو برداشت کرنے والی تھیں۔ یہ لقب آپ ہی کے لئے مناسب ہے اس لئے کہ آپ نے بچپن میں اپنے نانا کی شہادت کا غم اٹھایا۔ اس کے بعد مصائب کے پہاڑ آپ کے خاندان پر توڑے گئے، مادر گرامی کو بچپن میں ہی کھو دیا۔ پھر اپنے بابا کے رنج و مشکلات و مصائب میں شریک رہیں یہاں تک اپنے بھائی حسن علیہ السلام کی شہادت اور اس کے بعد آپ کی تدفین کے وقت جنازے پر تیروں کی بارش اور آپ کی خونی کفن دیکھا۔ اور آخرکار امام حسین علیہ السلام کے ساتھ واقعہ کربلا میں قدم قدم پر مصائب و مشکلات کی گواہ رہیں۔ اور پھر اسیری، بے مقنع و چادر بازاروں میں گھومایا جانا، قیدخانہ اور اس کی مصیبتیں، ظالموں کے درباروں میں حاضری، حاکم وقت سے ہمکلام ہونا وغیرہ جیسے مصائب کا سامنا کیا۔
  • حضرت زینب علیہاالسلام قیام کربلا کے آغاز سے انجام تک اور انجام کے بعد اپنی شہادت تک اسی غم میں مبتلا رہیں۔ بہت مصائب برداشت کئے لیکن کربلا و عاشورا کے پیغام کو اس طرح دنیا تک پہونچایا کہ آج اسلام کے دامن کا ہر صفحہ آپ کی قربانی اور فداکاری، جلالت و عظمت اور کارناموں کا گواہ ہے۔
  • حضرت زینب علیہاالسلام کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو آپ کی ذات کے لئے مختلف خصوصیات کا ذکر ملتا ہے جن کو معصومین علیہم السلام نے آپ کے لئے بیان فرمایا ہے؛ یہاں ان میں سات اہم خصوصیات کا ذکر کیا جارہا ہے:

۱- عقلیہ بنی ہاشم؛ عقیلہ یعنی ایک خردمند و عاقل خاتون۔ حضرت زینب علیہاالسلام ایک ایسی خاتون تھیں جو مسائل و مشکلات کے وقت صبر و عقل و فہم کے ذریعہ ان کو آسانی سے حل فرمالیتی تھیں۔ اپنے کاموں میں دوراندیشی و آئندہ پر نگاہ رکھتے ہوئے فیصلہ کرتی تھیں۔ اسی وجہ سے خاندان بنی ہاشم میں آپ کا خاص مقام تھا اور آپ سب کے نزدیک عزیز و صاحب منزلت تھیں۔

امام سجّادعليه السلام نے فرمایا:

"أنتِ بِحَمدِ اللَّهِ عالِمَةٌ غَيرُ مُعَلَّمَةٍ ، فَهِمَةٌ غَيرُ مُفهَّمَةٍ"

اے پھوپھی زینب! اللہ کی حمد ہے کہ آپ ایسی عالمہ ہیں جنہوں کسی سے علم حاصل نہیں کیا ہے۔ اور آپ ایسی عاقلہ اور بافہم خاتون ہیں جنہوں نے کسی سے کچھ سمجھداری حاصل نہیں کی ہے۔ یعنی آپ خود ہی عالمہ اور فہیمہ ہیں۔ [بحار الأنوار ، ج ۴۵ ، ص ۱۶۴]۔

۲- عالمہ غیرمعلمہ؛ جیسا کہ مذکورہ حدیث میں بیان کیا گیا ہے کہ حضرت زینب علیہاالسلام کی ایک خصوصیات عالمہ ہونا تھا اور وہ بھی ایسی عالمہ جس نے کسی کے سامنے بیٹھ کر علم حاصل نہیں کیا تھا بلکہ اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت تھیں جس کی وجہ سے آپ بغیر استاد کے عالمہ تھیں۔

۳- صدیقہ صغریٰ؛ صداقت ایک ایسی صفت ہے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبروں اور شہداء کے لئے فرمایا ہے۔ حضرت زینب علیہاالسلام بھی "صدیقہ" کے لقب سے مشہور تھیں۔ آپ کی والدہ حضرت فاطمہ زہرا علیہاالسلام کو "صدیقہ کبریٰ" اور آپ کو "صدیقہ صغریٰ" کے عنوان سے یاد کیا گیا ہے۔ اس لئے کہ آپ دونوں ایسی خاتون تھیں جن کو باتوں اور عمل میں صداقت تھیں اور جو آپ فرماتی تھیں وہ حقیقت ہوتا تھا۔

۴- عابدہ آل علی ع؛ حضرت زینب علیہاالسلام خاندان امام علی علیہ السلام کے عبادت گزاروں میں شامل تھیں۔ اسی لئے آپ کو اولاد علی علیہ السلام میں عابدہ ہونے کا شرف حاصل تھا۔ یوں تو اس خاندان میں سبھی عبادت کی بلندی پر فائز تھے لیکن شہرت کے لحاظ سے آپ کو خاص مقام حاصل تھا۔ آپ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ہمیشہ خشوع و خضوع کے ساتھ حاضر رہتی تھیں۔ واجبات کے علاوہ بھی مستحبات، نماز شب اور شب زندہ داری کے لئے خاص اہتمام فرماتی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں وقت رخصت فرمایا تھا کہ:

"يا أُختاه لاتَنسيني في نافِلَةِ اللَّيلِ"

اے میری بہن، اپنی راتوں کی نافلہ نمازوں[نماز شب] میں مجھے نہ بھولنا۔ [وفيات الأئمه ، ص ۴۴۱]

حضرت زینب علیہاالسلام کے بارے میں تاریخ نے بیان کیا ہے کہ آپ نے کربلا اور اس کے بعد اسیری کے خطرناک ترین اور ہولناک حالات میں بھی مستحبی عبادتوں کو ترک نہیں کیا تھا۔ جیسا کہ حضرت امام سجاد علیہ السلام فرماتے ہیں کہ:

"إنَّ عَمَّتي زَينَبَ مَعَ تِلكَ المَصائبَ و المِحَنِ النّازِلَةِ بِها في طَرِيقِنا إلَي الشّامِ ما تَرَكَتْ [تَهَجُّدَها] لِلَيلَةٍ"

ہماری پھوپھی نے شام تک راستے میں آنے والی تمام تر مصیبتوں اور تکلیفوں کے باوجود ایک بھی نماز شب کو ترک نہیں کیا تھا۔ (وفيات الأئمه، ص۴۴۱)

۵- مدافع و ناصرہ ولایت؛ حضرت زینب علیہاالسلام ہمیشہ ولایت و امامت کی حامی و مددگار اور مدافع رہیں ہیں۔ بچپن سے لیکر شہادت تک امام علی علیہ السلام سے لیکر امام محمد باقر علیہ السلام تک ۵ معصوم اماموں کی حمایت و مددگار رہیں۔ اور کربلا کے بعد تو خاص طور پر امام سجاد علیہ السلام اور امام محمد باقر علیہ السلام کی سخت ترین حالات میں حفاظت و نصرت فرمائی اور دونوں اماموں کو صحیح سلامت بچاکر مدینہ واپس لائی تھیں۔

۶- عفیفہ؛ حضرت زینب علیہاالسلام کی ایک خصوصیات عفیفہ یعنی پاکدامنی اور حجاب کے لئے خاص اہتمام رکھنے والی خاتون ہونا ہے۔ حضرت زینب علیہاالسلام نے اپنی زندگی میں ایک لمحے بھی عفت و حجاب و پاکدامنی کے حوالے سے غفلت نہیں کی تھی۔ کربلا کے بعد اسیری کے زمانے میں بھی حجاب و عفت کا خاص خیال رکھا اور دشمنوں کو خود اور اپنے ساتھیوں سے دور رکھا۔

۷۔  بطلۃ کربلا؛ (قھرمان کربلا)۔ حضرت زینب علیہاالسلام صبر و استقامت، عزت و کرامت، محافظت دین و شریعت وغیرہ کے میدان میں ایک عظیم نمونہ و اسوہ اور آئیڈیل تھیں۔ جس کی وجہ سے آپ کو بطلۃ کربلا یعنی کربلا کی بہادر اور شیردل خاتون۔ آپ کی بہادری کی مثال آپ کے خاندان کے علاوہ کہیں نہیں ملتی ہے۔ آپ نے پوری استقامت کے ساتھ دین خدا، خون شہیدان کربلا کی حفاظت کے لئے کوشش کی تھی۔ دشمنوں کے مقابلے میں کسی طرح کی کمزوری کا احساس نہیں کیا۔ صبر و بہادری کے ساتھ ایسا قیام کیا کہ ظلم و ستم کی بنیادوں میں زلزلے پیدا ہوگئے۔

خلاصہ یہ ہے حضرت زینب علیہاالسلام نے اپنے بچپن سے لیکر شہادت تک صرف اور صرف دین خدا اور نصرت امامت و ولایت کی فکر کی تھی، اپنے لئے کبھی کچھ نہیں سوچا یہی وجہ ہے کہ حضرت امام سجاد علیہ السلام نے فرمایا کہ:

"إنَّها مَا ادَّخَرَت شَيئاً مَن يَومِها لِغَدِها أبَداً"

حضرت زینب علیہاالسلام نے کبھی بھی آج کے دن سے کسی چیز کو اپنے کل کے لئے بچاکر نہیں رکھا۔ (وفيات الأئمه ، ص ۴۴۱)

حضرت زینب علیہاالسلام کی قربانیاں اور فداکاریاں تھیں جس کی وجہ سے آج اسلام ہم تک پہونچا ہے۔ آپ نے اپنے معصوم بھائیوں حضرت امام حسن علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی طرح دین اسلام کی حفاظت میں تمام مصیبتوں میں شریک رہیں، یہی وجہ ہے کہ پیغمبراکرم[ص] نے امام حسین علیہ السلام کی طرح آپ کی مصیبت پر گریہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور فرمایا کہ:

"مَن بَكي عَلي مُصابِ هذِهِ البِنتِ (زَينَبَ بَنتِ عَلِيّ‌ عليها السلام) كانَ كَمَن بَكي عَلي أخَوَيهَا الحَسَنِ و الحُسَينِ‌ عليهما السلام"

"جو شخص بھی اس بیٹی (زینب علیہاالسلام) کی مصیبتوں میں گریہ کرے وہ ویسا ہی جیسے اس نے اس کے بھائیوں حسن اور حسین علیہماالسلام پر گریہ کیا ہے۔ (وفيات الأئمه ، ص ۴۳۱).

 

 

 

مطالب مرتبط
ارسال نظر برای این مطلب

کد امنیتی رفرش
اطلاعات کاربری
  • فراموشی رمز عبور؟
  • آرشیو
    آمار سایت
  • کل مطالب : 123
  • کل نظرات : 2
  • افراد آنلاین : 1
  • تعداد اعضا : 0
  • آی پی امروز : 4
  • آی پی دیروز : 10
  • بازدید امروز : 15
  • باردید دیروز : 20
  • گوگل امروز : 0
  • گوگل دیروز : 0
  • بازدید هفته : 167
  • بازدید ماه : 202
  • بازدید سال : 1,547
  • بازدید کلی : 21,901