loading...
عین الحیات فاونڈیشن

حضرت فاطمہ زہرا (س) نور ہدایت

تحریر ۔ محمد علی ۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

 اگر ہم حضرت فاطمہ زہرا(س) کی  زندگی پر نگاہ کریں  تو ہم کو معلوم ہوجائے گاکہ ان کی پور ی زندگی ہم لوگوں کےلئے  ہدایت  ہے  چاہے ان  کی بچپنے  کی زندگی  یا ازدواجی زندگی یا مادرانہ زندگی ہو، سب ہدایت ہے۔ حضرت علی(ع) بھی بچپن سے حضرت رسول اکرم (ص) کی تربیت  میں رہے اور ان سے تعلیمات کو حاصل کرتے رہے اور آپ سے اخلاق کے  وہ سارے  درس حاصل کئے  جس اخلاق  حسنہ کی سند حضرت رسول اکرم(ص) کو اللہ نے دیا ہے۔

اسی طرح  حضرت فاطمہ زہرا (س) نے  اپنے بابا سے  علم کے زورات سے مزین  ہوتی رہیں  ۔اس طرح دونوں  الہی علوم  کومستقیم حضرت رسول خدا (ص) سے  حاصل کرتے رہے ۔تو اب ہم یہ کہہ  سکتے  ہیں حضرت رسول اکرم(ص) کی  تعلیمات  اگر  حاصل کرنا ہوتو یہی اہل بیت  ہیں  جو ہمیں بتائیں  گے کہ حضرت رسول اکرم(ص)کی تعلیمات اسلامی کیاہے،اس کے علاوہ اگر ہم نے تعلمات  اسلامی کو حاصل کرنا چاہا تو اس  میں  گمراہی  کا زیادہ احتمال پایا جاتاہے ۔لہذا فاطمہ زہرا(س) کے زندگی کے کسی پہلوپر نظر کریں تو وہ  ہمارے لئے  ایک درس زندگی ہوگا۔ مثال کے طور ان کے ازدواجی  زندگی کا ایک نمونہ پیش کروں۔

حضرت امام علی(ع)  اور حضرت فاطمہ زہرا(س) ایک دوسرے  کے مددگار تھے۔ ایک دن  دونوں  حضرت رسول خدا(ص) کی خدمت میں آئے اور کہا: آپ ہمارے گھر کے کام ہم میں تقسیم کردیں تو حضرت رسول اکرم(ص) نے فرمایا کہ گھر کے اندر کے کام فاطمہ(س) انجام دیں اور گھر کے باہر کےکام علی(ع) انجام دیں۔ حضرت فاطمہ زہرا(س) فرماتی ہیں کہ میں اس کام کی تقسیم سے بہت خوش ہوں کیونکہ باہرکے کام میرے ذمہ نہیں ہے (بحار الانوار، ج۴۳، ص81)

ظاہر سی بات ہے حضرت  فاطمہ زہر ا(س) آغوش وحی کی تربیت یافتہ ہیں وہ جانتی ہیں اگرعورت گھر سے نکل جائے گی تو بچوں کی تربیت کون کرے گا جبکہ  ماں کی آغوش ہی بچے کا سب سے پہلا مدرسہ ہے، اگر بچوں کو کسی اور کے سہارے چھوڑ دیا جاےٴ تو معلوم نہیں اس کی تربیت کیسی ہو۔ ماں ہی ہوتی ہے جو معاشرے کو ایک لائق جوان تربیت کرکے دیتی ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا(س) نے بھی بچوں کی تربیت کی ہیں دونوں امام  ہیں دین کے محافظ  ہیں دوبیٹیاں ہے اگر وہ کسی عہدہ پر نہیں ہیں تو کیا ہوا شریکۃ الحسین ہیں۔ دین کی محافظ ہیں ولایت کی مدافع ہیں امامت کی محافظ ہیں اس معلوم ہوتا ہے کہ ماں نے کس قدر عظیم تریبت کی ہے۔

خداوندعالم ہمیں بھی سیرت فاطمہ زہرا(س) پر چلنے کی توفیق عطا فرما۔

 

بانی انقلاب اسلامی ایران، امام خمینی(رہ) کے دس اہم کارنامے

تحریر سید تعلیم رضا جعفری۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

 

برطانیہ کے ایک وزیر اعظم نے دنیا کے سامراجی سیاستدانوں کے اجتماع میں اعلان کیا تھا کہ ہمیں چاہئے کہ اسلام کو اسلامی ملکوں میں گوشہ نشین کردیں۔ اس سے پہلے بھی اور اس کے بعد بھی اس کام کے لئے بے پناہ پیسے خرچ کئے گئے، لیکن امام خمینی(ره) نے ان کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر نہ ہونے دیا، چونکہ ایران کے عظیم انقلاب اور آج بھی ایران کی ترقی اور دشمنان اسلام اور دشمنان انسانیت کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت نے ان کے حربوں کو بیکار کر دیا ۔ اس میں امام خمینی (ره) کا بہت اہم رول رہا ہے ۔

۳ جون حضرت آیت اللہ العظمیٰ کی برسی کی تاریخ ہے لہذا اس موقع پر حضرت امام خمینی(ره) کے اہم کارناموں کا مطالعہ کیا جانا بہتر ہے۔ یہاں پر آپ کے دس کارناموں کو بیان کیا جارہا ہے :

1-     آپ نے اسلام کو حیات نو عطا کی ۔

2-     امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانوں کا وقار بحال کیا۔

3-     آپ نے مسلمانوں کو امت واحدہ کا جزو ہونے کا احساس دلایا۔

4-     امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے علاقے اور دنیا کی ایک بدعنوان ترین حکومت کا خاتمہ کیا۔

5-     امام خمینی (رہ ) نے  اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر اسلامی حکومت قائم کی۔

6-     امام کی تحریک نے پوری دنیا میں اسلامی تحریکوں کو جنم دیا۔

7-     امام نے شیعہ فقہ ميں نئی سوچ رائج کردی اور نیا نظریہ پیش کیا۔

8-   انفرادی امور میں رائج غلط عقائد کو باطل قرار دیا۔

9-     ملت ایران کے اندر خود اعتمادی اور عزت نفس کا احیاء کیا۔

10- امام خمینی (ره) نے مشرفی اور مغربی بلاکوں سے وابستگی کا نظریہ باطل کردیا۔

 یہاں مذکورہ کارناموں کے بارے یوں وضاحت بیان کی جاتی ہے: 

1)     آپ نے اسلام کو حیات نو عطا کی:

گذشتہ دوسو برسوں سے سامراجی مشینریوں نے یہ کوشش کی کہ اسلام کو فراموش کردیا جائے ۔ برطانیہ کے ایک وزیر اعظم نے دنیا کے سامراجی سیاستدانوں کے اجتماع میں اعلان کیا تھا کہ ہمیں چاہئے کہ اسلام کو اسلامی ملکوں میں گوشہ نشین کردیں۔ اس سے پہلے بھی اور اس کے بعد بھی اس کام کے لئے بے پناہ پیسے خرچ کئے گئے تاکہ اسلام پہلے مرحلے میں لوگوں کی زندگی سے ختم ہوجائے اوردوسرے مرحلے میں لوگوں کے دل و دماغ و ذہن سے نکل جائے کیونکہ سامراجی طاقتوں کو یہ معلوم تھا کہ یہ دین بڑی طاقتوں کی لوٹ کھسوٹ اور اسی طرح سامراجی طاقتوں کے تسلط پسندانہ عزا‏ئم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ امام خمینی  (ره) نے اسلام کو دوبارہ زندہ کیا اسلام کو انہوں نے لوگوں کے ذہنوں اورعمل میں اوراسی طرح دنیا کے سیاسی میدان میں اتارا ۔

2)     امام خمینی(ره)  نے مسلمانوں کا وقار بحال کیا

امام خمینی(ره)  کی تحریک کے نتیجے میں پوری دنیا کے مسلمانوں نے عزت وسربلندی کا احساس کیا اور اسلام محدود بحثوں سے نکل کر باقاعدہ سماجی اور سیاسی میدان میں وارد ہوا۔ ایک بڑے ملک کے ایک مسلمان شخص نے، جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں مجھ سے کہا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے میں خود کو کبھی بھی دوسروں کے سامنے مسلمان ظاہر نہيں کرتا تھا ۔ اس ملک کے رسم و رواج کے مطابق سبھی لوگ وہاں کے مقامی نام رکھتے ۔ اگرچہ گھرکے اندرمسلمان اپنے بچوں کے نام اسلامی رکھتے لیکن گھرکے باہر وہاں کا مقامی نام پکارا جاتا اور اسلامی نام کوگھرکے باہرظاہرکرنے کی جرات نہ ہوتی تھی اوراس کو بتانے سے گریز کیا جاتا تھا ہم خود کو مسلمان ظاہر کرتے ہوئے احساس شرمندگی کرتے ، لیکن اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ہمارے یہاں کے لوگ بڑے فخر کے ساتھ اپنا اسلامی نام ظاہر کرتے ہيں اور اگر ان سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کیا ہیں اور آپ کون ہیں تو فخر کے ساتھ پہلے اسلامی نام بتاتے ہیں۔ بنابريں امام نے جو بڑا کارنامہ انجام دیا اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مسلمانوں کو پوری دنیا میں عزت کا احساس ہونے لگا اوروہ اپنے مسلمان ہونے اور اسلامی کی پیروی کرنے پر فخر کرنے لگے ۔

3)     آپ نے مسلمانوں کو امت واحدہ کا جزو ہونے کا احساس دلایا

اس سے قبل مسلمان جہاں بھی تھا اس کے لئے امت اسلامیہ کی کوئي اہمیت نہیں تھی آج تمام مسلمان پورے ایشیاء میں پورے افریقہ میں ، مشرق وسطی سے لے کریورپ تک اوریورپ سے لے کرامریکہ ولاطینی امریکہ تک اس بات کا احساس کررہے ہيں کہ وہ امت اسلامیہ کے نام کے ایک بڑے عالمی معاشرے کا حصہ ہيں ۔ امام خمینی نے امت اسلامیہ کےتئیں شعور کا احساس جگایا جو عالمی استکبار کے مقابلے میں اسلامی معاشرے کے دفاع کے لئے سب سے بڑا وسیلہ ہے ۔

4)     امام خمینی(ره)  نے ایک بدعنوان ترین حکومت کا خاتمہ کیا

یعنی ایران میں شاہی حکومت کاخاتمہ۔ شاہی حکومت کا خاتمہ ان چند بڑے کاموں میں سے ایک ہے جو بالکل سامنے ہیں۔ ایران علاقے اورمشرق وسطی میں استکبار کا سب سے بڑا اورمضبوط قلعہ بن چکا تھا یہ مضبوط قلعہ ہمارے امام کے دست توانا سے ڈھہ گیا ۔

5)     امام خمینی(ره) نے اسلامی حکومت قائم کی

یہ وہ چیز ہے جو غیر مسلم تو غیرمسلم مسلمانوں کے ذہن میں بھی نہيں سماتی تھی اوریہ ایک خوش نما خواب تھا جس کی تعبیر کے بارے میں سادہ لوح مسلمان تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ امام نے معجزاتی طورپر اس افسانہ کوحقیقت کا لبادہ پہنایا۔

6)      امام(ره)  کی تحریک نے پوری دنیا میں اسلامی تحریکوں کو جنم دیا

اسلامی انقلاب سے قبل بہت سے ملکوں منجملہ اسلامی ملکوں میں مختلف گروہ، جوان، ناراض عناصر، حریت پسند اور ديگر گروہ بائيں محاذ کی آئیڈیالوجی کے سہارے میدان عمل میں اترتے تھے، لیکن اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد تحریکوں اورحریت پسندانہ قیام کی بنیاد اسلام بن گیا۔  آج عالم اسلام کے وسیع وعريض علاقے میں جہاں کہیں بھی کوئی گروہ حریت پسند تحریک چلاتا ہے اور استکبار کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اس کا مبنا اسلام ہی ہوتا ہے اور وہ اسلامی اصولوں کوہی اپنے کام کی بنیاد بناتا ہے اور اس کی فکر اسلامی فکر ہوتی ہے ۔

7)     امام (ره) نے شیعہ فقہ ميں نئی سوچ رائج کردی اور نیا نظریہ پیش کیا

ہماری فقہ کی بنیاد بہت ہی محکم تھی اورآج بھی ہے فقہ شیعہ محکم ترین فقہ اوربہت ہی مستحکم اصول و قواعد پر استوار ہے ۔ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اس مستحکم، آفاقی اور حکومتی فقہ کو مزید وسعت دے نئے اندازمیں پیش کیا اور فقہ کے متعدد پہلوؤں کوہمارے سامنے واضح و عیاں کیا جو اس سے پہلے عیاں نہ تھے ۔

8)     انفرادی امور میں رائج غلط عقائد کو باطل قرار دیا

دنیا میں یہ بات مسلمہ ہے کہ جو لوگ سماج کے اعلی منصب پر فائز ہوتے ہيں ان کا مخصوص طور طریقہ ہوتا ہے ۔ کچھ غرور وتکبر بھی ہوتا ہے عیش و عشرت کی زندگي ہوتی ہے اور اسی طرح ان کا اپنا خاص ٹھاٹھ باٹ ہوتا ہے اور ان کا اپنا خاص انداز ہوتا ہے ۔ اس دورمیں اعلی حکام کے لئے پروٹوکول ہوتا ہے اور وہ اپنے لئے اس کو اپنی سرکاری زندگی کا لازمہ سمجھتے ہیں اوریہ سب ایسی باتیں ہیں جن کو دنیا نے آج تسلیم بھی کر لیا ہے کہ جو لوگ اعلی منصب پر فائز ہيں ان کا گویا یہ سب حق ہوتا ہے حتی ان ملکوں میں جہاں انقلاب آیا ہے وہاں کے انقلابی رہنما بھی جو کل تک خیموں اور قناتوں میں زندگی گزارتے تھے اور قید خانوں اورمخفی گاہوں میں روپوش رہتے تھے وہ جیسے ہی حکومت میں آتے ہيں ان کا رہن سہن تبدیل ہو جاتا ہے اور ان کے حکومتی انداز بدل جاتے ہیں اوروہی سب کچھ انداز ان کا بھی ہو جاتا ہے جو ان سے پہلے کے حکمرانوں کا تھا اور جس طرح سے دنیا کے دیگر سلاطین اور بادشاہوں کا ہوا کرتا ہے ۔ ہم نے تو قریب سے یہ ساری چیزیں دیکھي ہيں ہمارے عوام کے لئے بھی یہ کوئی نئی بات نہیں ہے اور تعجب کی بات بھی نہيں ہے ۔ امام نے اس طرح کے نظریات وعقائد کوغلط قرار دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ کسی قوم اور مسلمانوں کے محبوب قائد زاہدانہ زندگی کے مالک ہو سکتے ہيں اور سادہ زندگی گزار سکتے ہيں عالیشان محلوں کےبجائے ایک امام بارگاہ میں اپنے ملنے والوں سے ملاقات کرسکتے ہيں انبیاء کی زبان و اخلاق و لباس میں لوگوں سے مل سکتے ہیں۔ اگر حکام اور حکومتی عہدیداروں کے دل نور معرفت وحقیقت سے روشن ہوتے ہيں تو ظاہری چمک دمک، ٹھاٹ باٹ ، اسراف، عیش وعشرت کی زندگی، خودنمائی، تکبر و غرور ، اکڑ اور اس جیسی ديگرتمام باتیں ان کی زمام داری کا جزء نہيں سمجھی جائيں گي ۔ امام خمینی کےمعجزات میں سے ایک یہ تھا کہ وہ اپنی ذاتی زندگي میں بھی اور جب آپ ملک اورقوم کے اعلی ترین رہبر تھے اس وقت بھی نور معرفت وحقیقت ان کے پورے وجود میں جلوہ نما تھا ۔

9)     ملت ایران کے اندر خود اعتمادی اور عزت نفس کو زندہ کیا

فرد واحد کی مطلق العنان اور استبدادی حکومتوں نے سالہا سال ایرانی قوم کو ایک کمزور قوم میں تبدیل کرکے رکھ دیا تھا وہ بھی ایک ایسی قوم جس کے اندر غیر معمولی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں اور صدر اسلام کے بعد سے پوری تاریخ میں اس کا شاندار علمی اورسیاسی ماضی تھا۔ غیر ملکی طاقتوں نے کافی عرصے تک جن میں کبھی انگریزوں تو کبھی روسیوں نے اور اسی طرح یورپی حکومتوں نے اور پھر اس کے بعد امریکیوں نے ہماری قوم کی تحقیر کی ہماری قوم کو بھی یہ یقین ہوگیا تھا کہ وہ بڑے بڑے کاموں کو انجام دینے کی صلاحیت اور استعداد نہیں رکھتی۔ ملک کی تعمیروترقی میں وہ کچھ بھی کرنے کی توانائی نہیں رکھتی ، کچھ نیا کرنے اورخلاقیت کے لئے اس کے پاس صلاحیت نہیں ہے بلکہ دوسرے ہی آئیں اور ان کے لئے کام کریں ان پرحکومت کریں ان سے سخت لہجے میں باتیں کریں اور اس طرح ہماری قوم سے ان کا قومی وقار چھین لیا گيا تھا اور اس کی عزت نفس کا خون کر دیا گيا تھا لیکن ہمارے امام نے ایران کے عوام میں قومی افتخار اور عزت نفس کو دوبارہ زندہ کر دیا۔ ہماری قوم کے اندر فرقہ پرستی اور غرور تکبر نہیں ہے لیکن اس کے اندر عزت و طاقت کا احساس ضرور پایا جاتا ہے ۔ آج ہماری قوم مشرق و مغرب کی مشترکہ سازشوں اور اپنے خلاف کسی بھی طرح کی دھونس و دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوتی اور کمزوری کا احساس نہیں کرتی۔ ہمارے جوان اس بات کا احساس کررہے ہیں کہ وہ خود اپنے ملک کی تعمیروترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ لوگوں کو اب اپنی اس طاقت و توانائی کا احساس ہے کہ وہ مغرب و مشرق کی دھمکیوں اور خطرات کے مقابلے میں کھڑے ہو سکتے ہیں،عزت نفس کا یہ احساس اور یہ خود اعتمادی وحقیقی قومی افتخار امام خمینی نے قوم میں دوبارہ زندہ کیا ہے ۔

10)امام خمینی(ره) نے نظریہ مشرق یا مغرب پرستی کو باطل کردیا:

آپ نے ثابت کردیا تھا کہ مشرق اور مغرب کے بلاکوں سے فاصلہ بر قرار رکھنے کی پالیسی کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے ۔ دنیا والے یہ سمجھ رہے تھے کہ یا تو مشرقی بلا ک سے وابستہ ہونا پڑےگا یا پھر مغربی بلاک سے شامل ہونا پڑے گا۔ یا تو اس طاقت کی روٹی کھانی پڑے گی یا پھر ان کی چاپلوسی اورتعریف کرنی پڑے گی یا پھر اس طاقت کا گن گانا پڑے گا اور اس کی ہاں میں ہاں ملانا پڑے گی ۔ لوگ یہ نہیں سمجھ پا رہے تھے کہ کوئی قوم کیسے مشرق سے بھی خود کو الگ رکھے اور مغرب سے بھی خود کو الگ رکھے اور دونوں سے بیزاری کا اظہار کرے اور پھر اپنے پیروں پر کھڑی بھی رہ جائے؟ یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی بھی بلاک سے وابستہ نہ ہو اور کسی کے بھی پرچم تلے نہ جائے اور اس دنیا میں اپنا نام روشن کرے ؟ مگرامام خمینی نے اس کارنامہ کر دکھایا اور اس نکتہ کو ثابت کر دیا کہ مشرق و مغرب کی طاقتوں پر انحصار کئے بغیر بھی زندہ رہا جا سکتا ہے اور عزت و آبرو کے ساتھ زندگی گزاری جا سکتی ہے ۔

قرآنی و اسلامی تعلیمات ۔ اور ۔  امام خمینی (ره) کے کارناموں اور ان کے نظریات و اصولوں کی روشنی میں آج بھی ہمارے محترم رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ۔ انقلاب کو آگے بڑھا رہے ہیں اور دنیا میں واحد ایسی شیعہ حکومت ہے جو اسلام و انسانیت کے دشمنوں کو ان کے  غلط کاموں، مظالم  پر للکارتی بھی ہے اور دنیا کے تمام مظلوموں اور کمزوروں کی مددگار اور آواز بنی ہوئی ہے۔

اہل بیت علیہم السلام کے سونے کی ۱۰ خصوصیات

تحریر سید محمد شاداب رضوی۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

 

 

حضرت امام رضا علیہ السلام فرماتے ہیں:

 جب ہم اہل بیت علیہم السلام سوتے ہیں تو ان دس باتوں پر عمل کرتے ہیں۔ یعنی اہل بیت علیہم السلام کے سونے   کی یہ  دس خصوصیات ہیں:

 ۱-با طہارت سوتے ہیں 

۲-دائیں طرف کروٹ سے سوتے ہیں.

۳- ۳۳ امرتبہ سبحان اللہ پڑھتے ہیں۔

۴- ۳۳ مرتبہ الحمدللہ پڑھتے ہیں۔

۵- ۳۴مرتبہ اللہ اکبر پڑھتے ہیں۔

۶- سوتے  وقت ھمار جسم قبلہ کی طرف ھوتا ہے 

۷- سوتے وقت چہرہ قبلہ کی طرف ھوتا ہے

۸-سوتے وقت فاتحة الکتاب(سورہ حمد) پڑھتے ہیں 

۹- آیت الکرسی پڑھتے ہیں 

۱۰- سوتے وقت آیه "شهد الله انه لا اله إلا الله هو..الی آخر " پڑھتے ہیں (آل عمران، آیت 18)

( فلاح مسائل، ص 279 . طب الرضا، ص 136)

 

حضرت امام رضا علیہ السلام کی کرامات اور اہم نصیحتیں

تحریر سید محمد شاداب رضوی۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

 

        خراسان کے سفر میں امام رضا علیہ السلام کے ساتھیوں میں سے ایک کہتا ہے: راستے میں ہم ایک خشک اور بے آب و گیاہ صحرا میں پہنچے اور قریب تھا کہ ہم سب اپنے جانوروں سمیت بھوک و پیاس سے ہلاک ہو جائیں ۔ حضرت رضا علیہ السلام نے فرمایا: فلاں جگہ پر جاؤ، تمہیں وہاں پانی ملے گا۔ ہم وہاں گئے اور ایک  پانی کا چشمه دیکھا ہم سب  اس چشمه سے سیراب ھوئے اور اپنے جانوروں کو بھی پانی پلایا جب ھم لوگ وھاں سے نکلنے لگے تو امام علیہ السلام نے فرمایا: اس چشمے کے پاس پھر جاؤ۔ جب ہم اس طرف گئے تو ہمیں وھاں پانی کا کوئی نشان نظر نہیں آیا۔ (عیون اخبار الرضا (ع)، جلد 2، ص 218)

عبداللہ بن مغیرہ کہتے ہیں: میں واقفی مذہب کا ماننے والاتھا، شھر مکہ گیا میں نے خانہ کعبہ  کے پردے پر ہاتھ رکھ کر کہا: خدایا تو میری خواہش کو جانتا ہے، مجھے بہترین دین کی طرف رہنمائی فرما، مدینہ واپس آنے کے بعد میں امام رضا علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ھوا۔ جب میں امام کے پاس پہنچا تو آپ ع  نے فرمایا: خدا نے تمہاری درخواست کو قبول کیا اور تمہیں اپنے دین کی طرف رہنمائی فرمائی۔ میں نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ لوگوں پر اللہ کی حجت ہیں. (عیون اخبار الرضا (ع)، جلد 2، ص 220)

احمد بن محمد بزنطی کہتے ہیں: میں اور تین دوسرے لوگ امام علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ اور جب ھم واپس جانے لگے تو  امام علیہ السلام نے مجھ سے فرمایا: اے احمد! تم یہیں رک جاؤ۔کیونکہ رات بہت ہو چکی تھی، لیکن میں جانا چاہتا تھا۔ اور امام ع نے فرمایا : تم جا رہے ہو یا رکوگے؟ میں نے کہا: یہ آپ کی رائے پر منحصر ہے۔ امام ع نے فرمایا: رک جاؤ ۔ پھر امام اٹھ کر اپنے کمرے میں چلے گئے۔ میں خوشی سے سجدے میں گر گیا اور اپنے آپ سے کہا: شکر ہے خدا کا جس نے اپنی حجت اور انبیاء کے علم کے وارث کے لطف و کرم کو میرے شامل حال کیا ۔ابھی میں سجدے میں تھا کہ حضرت علیہ السلام نے میرا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: اے احمد! امیر المومنین "صعصعه بن صوحان" کی عیادت کے لیے گئےتھےا ورجب واپس آئے تو فرمایاتھا: اے صعصعه ! میں  جو تم سے ملنے آیا ہوں اس بات پر  اپنے بھائیوں پر فخر مت کرنا۔ خدا سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو۔یہاں امام رضا(ع) نے احمد بن محمد بزنطی کی نیت کے علم کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ احسان دوسروں پر فخر اور احساس برتری کا ذریعہ نہ بنے۔ بلکہ جو چیز انسانی برتری کا سبب بنتی ہے وہ "تقوی" ہے۔ (رجال کاشی، حصہ 6، صفحہ 587-588)

اس مقام پر امام رضا علیہ السلام کا وہ معروف واقعہ اور شیعوں سے اہم نصیحتوں کا ذکر مناسب ہے کہ شیعوں کا ایک گروہ امام رضا علیہ السلام سے ملاقات کے لئے آیا تھا  چالیس دنوں تک وہ گروہ امام کے دروازے پر آتا رہا اور کہتا تھا کہ ہم امام علی علیہ السلام کےشیعہ ہیں۔ ہمیں ملاقات کرنا ہے لیکن امام نے ان سے ملنے سے انکار کرتے رہے۔ اور آخرکار۔ چالیسویں دین جب واپسی کا وقت آیا تو امام رضا علیہ السلام سے ملاقات ہوئی تو امام نے فرمایا:

"تم لوگ امیر المومنین علی علیہ السلام کے شیعہ ہونے کا دعویٰ کرتے ھو، جب کہ تمھارے بہت سے اعمال اس دعوے کے خلاف ہیں۔ تم بہت سے واجبات کو انجام دینے میں کوتاہی کرتے ھو۔ اپنے دینی بھائیوں کے حقوق کو انجام میں سستی کا مظاہرہ کرتے ھو۔  ایسی جگہ جہاں تقیہ ضروری نہ ہو وہاں تقیہ کرتے ھو۔ اور جہاں تقیہ کرنا چاہیے وھاں تقیہ نہیں کرتے ھو۔ (میزان الحکمه ج ١٣).

مذکورہ واقعات اور امام رضا علیہ السلام کی آخری نصیحتوں کی روشنی میں ہمیں اس بات کی طرف متوجہ رہنا چاہئے کہ ہمارے امام ہمارے نفسوں اور ہمارے اعمال اور ہمارے کاموں سے آگاہ رہتے ہیں اور ہمیشہ ہماری بھلائی چاہتے ہیں۔ اور ہمیں بھی صرف اماموں سے اپنی نسبت پر فخر نہیں کرنا چاہئے بلکہ اپنے اعمال اور کردار سے سچے شیعہ اور سچے چاہنے والے بننے کی کوشش کرنا چاہئے۔

 

حضرت امام رضا علیہ السلام اورنفس کا محاسبہ

تحریر  محمد علی ۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

 

اگر انسان کی زندگی  میں  دیکھاجائے تو بہت سے اتار چڑھا ؤ آتے ہیں۔ جب وہ صبح بیدار ہوتاہے تو شام تک کئی  کاموں کو انجام دیتاہے جس  میں کچھ کام  اس کےفائدے کے ہوتے ہیں تو کچھ کام اس کےنقصان میں ہوتے ہیں۔اس فائدے  اور نقصان کو دوطرح سےدیکھا جاسکتاہے  دنیاوی فائدہ   اور نقصان  یا آخرت  کے لحاظ فائدہ نقصان۔انسان  دنیا وی فائدہ  نقصان  کا تو  کسی حدتک  اندازہ لگا سکتا ہے لیکن  آخرت  کے فائدے  اور نقصان  کا کیسے محاسبہ کرے گا؟یقینا   آخرت میں کیا فائدہ اور نقصان ہونےوالاہے وہ تو وہاں جانے کےبعد معلوم ہوگا لیکن ہمارے آٹھویں  امام  حضرت علی رضا علیہ السلام  فرماتے ہیں:

"مَنْ حَاسَبَ‏ نَفْسَهُ رَبِحَ، وَ مَنْ غَفَلَ عَنْهَا خَسِرَ" بحار الانوار ،ج78،ص73۔36۔

جس نے  اپنے نفس کا محاسبہ کیا وہ  فائدہ میں رہا اور جو اس سےغافل رہا  وہ گھاٹے میں رہا۔

ایک سوال  ہمارے  یا آپ کے ذہن میں بھی  ایجاد ہوکہ کس طرح  نفس کا محاسبہ کریں ۔ اسی طرح   حضرت  امیرالمومنین علیہ السلام   سےایک آدمی نےسوال کرلیا کہ نفس کا محاسبہ کیسے کریں تو  آپ نےفرمایا:

«جب  تمہار ا  دن  صبح سے شام ہوجائے تو اپنے نفس کو مخاطب کرکے  اس طرح کہو:ائے  نفس  آج کا دن  گزر گیا اور کبھی بھی پلٹ کر نہیں آئے گا، خداوندعالم  اس کےبارے  میں تم سے سوال کرےگا کہ کس راہ  میں اس دن کو گزارے ہو؟ کونسے عمل اس  میں انجام دیئے ہو؟ کیا خدا کو یاد کئے تھے اس کی حمد وثنا کی تھی، کیا اپنےمومن بھی کےحق کو اداکئے؟ کیا اس کےغم کو اس سے دور کئے؟اس کےغیبت کےصورت میں  اسکے آل و  اولاد کی حفاظت کئے؟ کیا اپنے مرنےکےبعد   اپنےوارثوں کےحق  ادا  کو ادا کئے ؟۔۔۔ ۔یہ بہترین  طریقہ  ہے محاسبہ کرنےکا ۔بحار الانوار ،ج89باب 29 ،ص250۔

انسان کےاندر ایک ایسی طاقتور  کیفیت  کا نام  نفس  ہے کہ اگر  اس کو آزادہ  چھوڑدیا جائے تو انسان کو  ایک گہرے ضلالت میں گرفتار کردیتا ہے کہ جس کےپلٹنےکا بہت کم امید کی جاسکتی ہے۔ لیکن اگر اس کو  اپنےتابع کرلیاجائے تو انسان  روز بہ روز کمال کے منزلوں کو طےکرنے لگتاہے۔ اسی لئے ضروری ہے کہ ہر روز اس دکان دار کی طرح  کہ جو دن بھر  اپنے دکان کا سامان بیچتاہے اور شام کےوقت گھر جانےسےپہلے محاسبہ کرتاہے تاکہ معلوم ہوجائےکہ کتنا فائدہ ہواہے اور کتنا نقصان۔اگر کوئی انسان اپنےنفس پر توجہ کرے  اور ہر  روز  اس کا محاسبہ کرتا رہے تو رفتہ رفتہ  نفس اس کے کنٹرول میں ہوجایا کرتاہے لیکن اگر اس پر توجہ نہ کی جائے تو   اس شرکس گھوڑے کی طرح  اپنےسوار کو  کسی  ویرانی  میں چھوڑ آتا ہے ۔

خود اعتمادی کو ایجاد کرنے اور بڑھانے کے طریقے

تحریر سید تعلیم رضا جعفری۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

 

خود اعتمادی، اپنے نفس پر بھروسہ کرنا  انسان کا اپنی  صلاحیتوں کے بارے میں متوجہ رہنا، انہیں جاننا پہچاننا اور ان سے استفادہ کرنا ہے ، شجاعت،  سختیوں سے مقابلے میں نہ ڈرنا، ،مشکلات سے مقابلے میں نفس کا قوی رہنا وغیرہ یہ وہ چیزیں جو خود اعتمادی سے حاصل ہوتی ہیں، یعنی پہلے  مرحلے میں انسان اپنی طاقت و صلاحیتوں پر یقین  رکھتا ہو  اور ا س کے بعد مشکلات  سے  مقابلہ کرے  ، اسی  بنا پر کہا جاتا  ہے کہ خود اعتمادی کے دو  رکن ہیں:

۱۔  اپنی  صلاحیتوں اور  توانائیوں   کو پہچاننا۔

۲۔  اپنی   صلاحیتوں  او ر  توانائیو ں کو قبول کرنا، ان پریقین رکھنا۔

پہلے مرحلے میں انسان اپنے آپ کو پہچانے اور اپنے وجود کے پہلووں کو اچھی طرح پرکھے، خداوندعالم نے ہر شخص کو خاص صلاحیتوں سے نوازہ ہے ، بزرگ عالم دین سید بن طاووس کے مطابق  ہر انسان  اپنے لحاظ سے  بہت ہی نابغہ و صلاحیتوں کا مالک ہے۔ انسان کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا چاہئے اور انہیں استعمال کرنا چاہئے ۔

خود شناسی کے بعدفطری طور انسان  اپنے آپ پر بھروسہ کر لیتا ہےاور اس  کے بعد  خود اعتمادی کے لئے اپنی صلاحیتوں  کے ذریعہ مشکلات کو حل اور  کاموں  کو انجام دینا چاہئے ،  اسی  میدا  ن میں نفس اور اپنے آپ  کاقوی ہونا ضروری ہے۔  نفسیات کے  ماہر  افراد  اس  مرحلہ کو انسان کی قوت محرکہ کہتے ہیں، اور  قوت محرکہ  کی مضبوطی کے چند امور مہم و موثر بیان  کئے گئے  ہیں:

1.   ماہر نفسیات  کی  تحقیقات سے معلوم ہوتا  ہے کہ جو افراد  پابندی کے ساتھ جسمانی ورزش  کرتے  ہیں  وہ مشکلات سے مقابلے میں زیادہ کامیاب رہتے ہیں۔

2.   سخت  و سنگین کاموں کو اپنے ذمہ لیکر انہیں انجام دینا  بھی  انسان کی نفسانی طاقت  کی مضبوطی  کاسبب  ہوتے ہیں۔

3.   تمام  طاقتوں سے  مافوق عظیم قدرت  کو اپنے لئے  پناہ  گاہ بنانا بھی  انسان  کی قوت نفس کو بہت بڑھا دیتا ہے اور وہ  عظیم طاقت  و پناہ گاہ  ذات  باری تعالیٰ ہے کہ جس کی  طاقت تمام  جہان ہستی پر  حاکم ہے  ، اور خدا پر توکل و  بھروسہ رکھنا  انسان  کو  ایسی  طاقت  و  قدرت عطاکرتا ہے  کہ انسان قوی ترین  افراد کے سامنے بھی کھڑا ہوجاتا  ہےاور سخت ترین حالات میں  مشکلات کے حل  میں لگ  جاتا ہے۔

خود اعتمادی کا نہ ہونا:

جس طرح انسان  کا اپنے بارے میں  آگاہ ہونا  ، انسان کو ہر  طرح کے  خیالات  و  منفی  افکار سے  دور رکھتا  ہے اور واقعی  کمال  و اپنی  کمیوں  کی اصلاح کرنے کی رہنمائی کرتا ہے ، اسی  طرح اپنے آپ پر ، اپنے نفس  پر بھروسہ نہ ہونا  انسان  کی قابلیت و  صلاحیتوں  کےپروان چڑنے اور  ذمہ داری کے انجام دہی میں  رکاوٹ  بنتا ہے ۔

خود اعتمادی انسان کو  مستقل بناتی ہے ، دوسروں پر منحصر رہنے سے روکتی ہے  ، اپنی فردی و اجتماعی ذمہ داریوں  کے انجام دینے کے  لئے  میدا ن میں کھینچ لاتی ہے ۔خود اعتمادی سے  انسان اطمینان، سکون و بغیر رکاوٹ کے کام انجام دیتا ہے ، حقیقت میں اپنے نفس پر بھروسہ کرنا،اپنی    انسانی صلاحیتوں اور قابلیتوں کا یقین کرنا   اور  زندگی  کے اتار چڑاو کا  سامنا کرکے صحیح طرح سے وظیفہ پر عمل  کرنا ہے۔ جو لوگ  خود اعتمادی رکھتے ہیں  وہ اپنے عمل میں مستقل ہوتے ہیں، اپنی ذمہ  داریوں کو  قبول کرکے عمل کرتے ہیں،  زندگی کی ناکامیوں  کو قبول  کرتے ہیں، دوسروں سے روابط بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،  اور ہر طرح کی گوشہ گیری سے دور  رہتے  ہیں۔

دوسری طرف  جو لوگ اپنے نفس پر بھروسہ  رکھنے میں ضعیف ہیں  وہ مندرجہ ذیل مشکلات میں مبتلا رہتے ہیں:

۱۔کم  بینی کا احساس:   جو لوگ خود اعتمادی نہیں رکھتےہیں اکثر ان کے اعمال و  رویوں میں دیکھا گیا ہے کہ وہ  عدم اطمینان و بے چارگی کا احساس کرتے ہیں، اپنے آپ کو مشکلات کے سامنے کمزور سمجھتے ہیں  اور ''میں اس کام کو نہیں کرسکتاہوں'' ، ''ہر گز آگے نہیں پڑھ سکتا  ہوں''،  ''اب آگے بڑھنا نہیں چاہتا ہوں'' جیسے  جملے کہتے  ہوئے نظر آتے ہیں ۔

۲۔ منفی  احساسات؛  جو لوگ اپنے  آپ پر، اپنے نفس پر بھروسہ نہیں رکھتے ہیں  ان  کا  سلوک  و  رویہ ایک  طرح کی  خشونت  و بدخلقی والا ہوتاہے ، اپنے آپ  کو قبول نہ کر  پانے کی  وجہ سے   ایسے لوگوں  کے روابط  و پسند میں تردید پائی جاتی ہے اور ایسے لوگ محبت آمیز سلوک و رفتار سے خالی ہوتے ہیں ، گویا ان کے احساسات منفی ہوجاتے ہیں۔

۳- ناکامی؛ جن لوگوں کو اپنے نفس پر بھروسہ نہیں ہوتا ہے وہ نفسیاتی طور پر ڈرے ہوئے ہوتے ہیں، ان کے اندر تھکان پائی جاتی ہے اور بہت کم کسی مشکل یا سخت مسئلے  کو تحمل کرپاتے ہیں ؛ مثال کے طورپر امتحان وغیرہ کے وقت ایسے لوگ اندرونی طور پر پریشان و مضطرب ہوجاتے ہیں اور کامیاب نہیں ہوپاتے ہیں۔

۴- ناامیدی، ڈر؛ اپنے نفس پر بھروسہ نہ رکھنے والے افراد میں سب سے جو چیز پائی جاتی ہے وہ اپنے اہداف تک پہونچنےسے ناامید ہوجانا ہے۔ اسی طرح ایسے لوگ ڈرپوک بھی ہوتے ہیں اور عام طور پر اجتماع میں رونما ہونے والے مختلف مشکلات کا مقابلہ کرنے سے ڈرتے ہیں۔

خود اعتمادی بڑھانے کے طریقے:

خود اعتمادی اور اپنے نفس پر بھروسہ کرنے کے مسئلہ کی مختصر شناخت کے بعد یہاں چند طریقے اور راہوں پر توجہ دیں جن کے ذریعہ سے عملی طور پر خود اعتمادی کو بڑھایا جاسکتا ہے:

1.   اپنے صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ پہچانا جائے؛اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کو پہچاننا، خود اعتمادی کو حاصل کرنے کے لئے مفید ہوتا ہے اور انسان کو ناامیدی سے رہائی دیتا ہے ،اس کام لئے مناسب ہے کہ انسان اپنی مختلف علمی، ورزشی، ہنری اورفکری وغیرہ صلاحیتوں کو لکھ کر یادداشت کرلیں اورمستقل طور پر انہیں پڑھتا ہے۔

2.   گذشتہ کامیابیوں پر بھروسہ کریں ؛ خود اعتمادی بڑھانے کے لئے انسان کو چاہیئے کہ اپنی گذشتہ کامیابیوں کو یاد کرے اور ان پر توجہ رکھنے ہوئے، تازہ پیش آئے ہوئے کاموں اور مشکلات کے لئے قدم بڑھائے انشاء اللہ  کامیابی حاصل  ہوگی۔

3.   گذشتہ ناکامیابیوں پر توجہ نہ دیں؛ اگر گذشتہ کسی ناکامی کے بارے میں کوئی یادداشت ہو تو اسے بھلانے کی کوشش کریں اور اس ناکامی کا اپنے اندر اثر نہ ہونے دیں اور تازہ دم ہوکر جدید مسئلہ پر توجہ مرکوز کریں۔

4.   اپنے آپ کو مثبت تصور کریں؛ انسان کو چاہئے کہ اپنے آپ پر مہربان رہے اور اپنی شخصیت کو مثبت انداز میں اپنے سامنے رکھےاور اپنے آپ کو اچھی صفات و خصوصیات کا حامل بناکر رکھےتاکہ کاموں کے انجام دینے میں اپنے آپ پر اعتماد پیدا ہوسکے اور طاقت ور رہے۔

5.   جرأت سے کام کریں؛  جدید تجربات پر کچھ سیکھنے کی غرض سے کام کریں اور ہارنے سے نہ ڈریں ، اگر اس طرح کام کیاجائے گا تو نئے امکانات و نئی کامیابیاں ملیں گی اور خود پر بھروسہ کرنے کا احساس ہوگا۔

6.   اپنی خواہشات کو کم کریں؛ انسان کو عزت و سربلندی دوسروں سے بار بار خواہش و درخواست کو کم کرنے میں ملتی ہے، جتنا ممکن ہو اپنے پاس جو ہو اسی پر تکیہ و بھروسہ کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ نفس پر اعتماد حاصل ہوسکے۔

7.   دوسروں سے اپنا مقابلہ نہ کریں؛ کبھی بھی اپنے آپ یا اپنی کامیابیوں کا دوسروں سے مقابلہ  نہ کریں، ہمیشہ خود اپنے آپ سے رقابت و مقابلہ کرنا چاہئے ، اس لئے کہ ہر ایک اپنے خاص امکانات و شرائط کا حامل ہوتا ہے۔

8.   خدا سے رابطہ کو مضبوط کریں؛ خود اعتمادی و اپنے آپ پر بھروسہ کو مضبوط کرنے کے لئے سب سے اہم و موثر طریقہ خداوندعالم سے رابطہ برقرار کرنا اور اس کے ساتھ راز و نیاز رکھنا ہے، جب انسان اپنے آپ کو کائنات کے مالک و مختار اور تمام تر کمالات کے سرچشمہ کے سامنے پائے  اور اس پر بھروسہ و اعتماد کرے تو خود اپنی بزرگی  معلوم ہوجائے گی اور اپنی شخصیت کی شناخت ہوگی ۔ اس کے لئے بطور مثال اپنی نمازوں میں زیادہ سے زیادہ قلبی توجہ پیدا کرنا چاہئے تاکہ اپنے آپ کو خدا کی مقدس ذات سے مرتبط جان سکے۔

9.   چھوٹے و متوسط ہدف  سے کام شروع کریں؛  انسان کی شکست اور اعتماد پیدا نہ ہوپانے کی ایک اہم وجہ شروعات ہی میں بڑے اور ناممکن اہداف و مقاصد کو نظر میں رکھنا ہوتا ہے ، جبکہ خود اعتماد حاصل کرنے کے لئے انسان کو چاہئے کہ ابتدا میں چھوٹے چھوٹے اہداف کو حاصل کرنے کی کوشش کرے اور اسکے بعد متوسط اہداف پر توجہ دیں اور اس طرح سے انسان کے اندر اپنے آپ پر بھروسہ ہوتا جائے گا اور پھر ایک منزل وہ آئے گی جہاں انسان بڑی کامیابیوں کا مزہ چکھے گا۔

 

آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی غمناک شہادت

خادم الرضا علیه السلام، عالم مجاهد، رئیس جمهور ایران، جناب آیت الله سید ابراهیم رئیسی (اعلی الله مقامه) و ان کے ساتھیوں کی غمناک شہادت کے موقع پر حضرت امام زمان(عج)، مقام معظم رهبری، علماء کرام و طلاب گرامی قدر، ملت ایران و مرحومین کے تمام پس ماندگان کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں۔

ہر اک دل پہ ہے حکمرانی رضا ع کی
مدحت مولا امام رضا علیہ السلام

کلام: سید معظم حسین  زیدی۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ ۔قم ایران۔

 

ثنائے رضا میں زباں جو ہی وا کی
برسنے لگی مجھ پر رحمت خدا کی

درِ آلِ احمد پہ جو بھی دعا کی
پلٹنے سے پہلے وه رب نے عطا کی

فرشتوں کی آمد پہ آمد مچی ہے
ولادت ہوئی ہے امام رضا کی

زباں پڑھ رہی ہے قصیدہ تمہارا
لکھی جا رہی ہے، عبادت خدا کی

دکھائی خدا نے اماموں میں صورت
کبھی مصطفٰی کی، کبھی مرتضی کی

اُسے خوف کیا ہو زمین و زماں کا
ضمانت میں جو ہو امام رضا کی

نہ لکھ ہر کسی کو رضی اللہ واعظ
رضایت ہے اِن کی، رضایت خدا کی

سنا وقت آخِر جو آئیں گے مولا
مریضِ محبت نے پھر  نا دوا کی

نہ ویران ہوگی زمیں کربلا کی
یہ بستی بسائی ہوئی ہے خدا کی

حساب اُس کا لے گا نہ خلّاقِ عالم
تیرے شہر میں جو بھی صبح و مسا کی

چلی آئیں جنّت سے، خاتونِ جنّت
غمِ شہ کی گھر میں جو مجلس بپا کی

یہ زُہرہ بتائے گا دنیا کو واعظ
بلندی ہے کتنی درِ سیّدہ کی

وہ جنّت کا ٹکڑا ہے مٹی نہ سمجھو
نجف کی زمیں ہو یا ہو کربلا کی

درِ شہ سے جنّت کی جانب نہ دیکھا
فرشتوں نے مجھ سے بہت التجا کی

بجھا پاؤ گے کیسے شمعِ مودّت
یہ تو اور جلتی ہے زد پر ہوا کی

مَرَض اور بڑھتا گیا دشمنی میں
نہ جانے منافق نے کتنی دوا کی

اسے عشقِ حیدر ہی میں موت آئے
میری ماں نے میرے لیے یہ دعا کی

حضرت امام رضا علیہ السلام کا اپنے گھر والوں کے ساتھ حسن سلوک

تحریر سید تعلیم رضا جعفری۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران

حضرت امام رضا علیہ السلام کے والد گرامی حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی ۳۵ سالہ امامت کی پوری زندگی مشکلات و مختلف حادثوں کے ساتھ گزری ہے اورآپ کو زیادہ تر وقت  کے حاکم ہارون رشید کے قید خانے میں رکھا گیا ، امام رضا علیہ السلام اپنے والد کے قید خانے کی زندگی کے دوران پوری طرح سے معاون و حمایت کرتے رہے اور تمام غموں و مشکلات میں اپنے بابا کے ہم غم و شریک تھے، کبھی بھی  قدرت طلب و حکومت خواہوں کے آگے نہیں جھکے اور لوگوں کو شدت کے ساتھ ظالم خلیفہ کی مدد کرنے سے روکتے رہے۔ اور چونکہ آپ کےبابا زیادہ تر قیدخانے میں رہے لہذا گھر کا سارا انتظام و دیکھ بھال کا ذمہ آپ کے سپرد تھا ، اس مدت میں آپ نے کسی کو بھی گھروالوں کی بی احترامی نہیں کرنے دی، اور دشمنوں کے تمام تر خطرات سے بچاتے رہے۔

اپنے گھر والوں سے محبت کی بات خود حضرت امام رضا علیہ السلام کے بیٹے امام جواد علیہ السلام کے حوالے سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ جب آپ کی عمر زیادہ  ہوگئی تھی اور آپ کی کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی تو کسی نے آپ سے کہا تھا کہ آپ بچوں کو بہت چاہتے ہیں تو خدا سے کیوں نہیں اپنے لئے بچے کی دعا کرتے ہیں؟ امام رضا علیہ السلام نے جواب میں فرمایا: خدا وندعالم مجھے ایک بیٹا دے گا جو میرا وارث ہوگا، اور جب امام جواد علیہ السلام کی ولادت ہوگئی تو امام رات بھر آپ کے  گہوارے کو جھلایا کرتے تھے اور اپنے بیٹے کے ساتھ پیار و محبت فرمایا کرتے تھے آپ اپنے بیٹے کو اتنا چاہتے تھے کہ رات میں خود سوتے نہیں تھے ۔آپ سے کسی نے کہا کیا لوگ اپنے بیٹے  کے ساتھ اسی طرح کا سلوک کرتے ہیں؟  آپ  نے فرمایا : یہ میرا بیٹا کوئی عام  بچہ نہیں ہے ، اس  کا دنیا میں آنا ، بڑا ہونا اس کے پاک اجداد کی طرح ہے۔ اپنے بیٹے کے ساتھ آپ کا سلوک اتنا محبت آمیز تھا کہ آپ اپنے بیٹے کو نام سے نہیں پکارتے تھے بلکہ احترام کے لئے آپ کی کنیت کے ذریعہ پکارتے تھے ،مثال کے طور پر فرماتے تھے : ابو جعفر نے میرے لئے لکھا ہے اور میں نے ابوجعفر کے لئے لکھا ہے۔ اس طریقے سے آپ چاہتے تھے کہ آپ کا احترام کیا جائے ۔ اسی طرح امام رضا علیہ السلام اپنی بہن حضرت معصومہ قم کے ساتھ بھی خصوصی محبت و لگاو رکھتے تھے۔

امام جہاں خود بھی اپنے آپ کو پاکیزہ رکھتے تھے وہیں گھروالوں کے لئے تمام امکانات فراہم کیا کرتے تھے اور جو لوگ گھروالوں کے لئے امکانات فراہم کرنے کی حیثیت رکھتے ہیں خاص طور پر مرد حضرات کے لئے فرمایا کرتے تھے کہ اپنے گھر والوں کے لئے آرام و سکون کے امکانات فراہم کیا کریں۔اسی طرح فرماتے تھے کہ ایک مرد کے لئے مناسب و ضروری ہے کہ اپنے گھرانے کے لئے مالی اعتبار سے  کمک کرے تا کہ وہ لوگ اس کے مرنے کی آرزو نہ کرے۔[وسائل الشیعہ، ج ۱۵، ص ۲۴۹]۔

اسی طرح فرماتے تھے کہ دنیا کی زندگی اور اس کی لذت گھر کے بڑے ہونے اور دوستوں کے زیادہ ہونے میں ہے ۔[مسند امام رضا ، ج ۲، ص ۳۷۴]۔اس کے علاوہ خود آپ نے اپنے ایک خادم کے لئے ایک مناسب گھر خریدا اور اس سے فرمایا کہ چونکہ تمہارا گھر چھوٹا ہے لہذا تم اب اس گھر میں رہو، اس شخص نے کہا مولاؑ میرے لئے پہلے والا  گھر ہی ٹھیک ہے چونکہ میرا باپ بھی  اسی  گھر میں  گذارا کرلیتا تھا ۔  امام نے فرمایا: اگر تمہارا باپ  بے عقل تھا  تو تم بھی اسی  کے مانند رہوگے۔[بحارالانوار، ج۷۳، ص ۱۵۳]۔

اسی طرح امام اپنے خاندان والوں کے ساتھ خوش اخلاقی و نیک رفتاری کے ساتھ پیش آتے تھے اور فرمایا بھی کرتے تھے  کہ: قیامت میں وہ شخص مجھ سے سب سے زیادہ قریب ہوگا جو دنیامیں اپنے گھرانےوالوں کے ساتھ سب سے زیادہ  خو ش  اخلاق و نیکی کرنے والا ہوگا۔ [وسائل الشیعہ، ج ۱۲، ص ۱۵۳]۔

دوستو! اور عزیزو! اسی ماہ ذی القعدہ کی ۱۱ ویں تاریخ کو  ہمارے آٹھویں  امام حضرت علی رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت  ہے اور ایک روایت کےمطابق اسی مہینے کی ۲۳ ویں تاریخ کو آپ کی شہادت بھی واقع ہوئی ہے، گویا یہ مہینہ امام رضا علیہ السلام  ہی کا ہے۔ لہذا ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم بھی امام کے اخلاق  کو اپناتے ہوئے اپنے گھروالوں  کے ساتھ اچھا سلوک  کرے ، زیادہ سے زیادہ ان کو  خوش رکھنے کی  کو شش  کریں  چاہےاپنے اچھے اخلاق اور سلام  و دعا ہی کے  ذریعہ ہو ۔

حضرت امام رضا علیه السلام کی زیارت کی فضیلتیں

تحریرسیداکبر علی جعفری۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ۔ قم ایران۔

امام رضا علیه السلام کی زیارت کی فضیلتوں میں سے چند فضیلت هم یھاں بیان کرینگے:

۱۔ پہلی فضیلت:

حضرت امام رضا علیه السلام کی زیارت حضرت امام حسین علیه السلام کی زیارت پر فضیلت رکھتی ہے شاه عبدالعظیم حسنی  نقل کرتے ہیں کہ میں نے حضرت جواد علیه السلام کی خدمت میں عرض کیا که میں حیران و پریشان ھوں که حضرت سیدالشهدا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوؤں یا آپ کے پدربزرگوار کی زیارت کے لیے جاؤں۔ آپ نے فرمایا؛ تھوڑا انتظار کروآپ اندر داخل ہوئے جب آپ باہر نکلے تو آپ کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے،احتمالا اپنے بابا کی جدائی میں آنسو بھارہے تھے ۔آپ نے فرمایا:حضرت سیدالشهداء امام حسین علیہ السلام کے زائرین بہت زیادہ ہیں لیکن میرے باپ کی زیارت کرنے والے بہت کم ہیں.

ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت امام جواد علیہ السلام نے فرمایا کہ :میرے بابا کی زیارت افضل ہے کیونکہ حضرت اباعبدالله الحسین کی زیارت پر تمام لوگ جاتے ہیں لیکن میرے پدر بزرگوار کی زیارت کے لئے صرف آپ کے شیعہ جاتے ہیں ۔

اس روایت کی روشنی میں معلوم ہوتا ہے کہ شیعہ کا ہر فرقہ امام حسین علیہ السلام کو مختلف جہات مثلاً راه خدا میں شہادت یا حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا فرزند ہونے کی وجہ سے محترم سمجھتا ہے - اورشیعوں کے دوسرے فرقے جیسے کیسانیہ، زیدیہ، اسما عیلیہ وغیرہ... سب حضرت سیدالشهداء امام حسین علیہ السلام کی امامت کو قبول کرتے ہیں جب کہ حضرت امام رضا علیہ السلام کو ماننے والے شیعہ صرف وہی ہیں جو آپ کی ولایت و امامت کا معتقد ہیں  اور ان کی تعداد بھی باقیوں کی بہ نسبت کم ہے۔ لہٰذا روایات میں ان کے لئے ۔عار فابحقہ ۔یعنی ان کی معرفت رکھتے ہوئے زیارت کرنے کا ذکر ہوا ہے یعنی انہیں واجب الا طاعتہ امام سمجھتے ہوئے زیارت کرنا۔

۲۔ دوسری فضیلت:

حضرت امام رضا علیہ السلام کے زائرین  کو تمام انبیاء و اولیاء اور آئمہ علیہ السلام کے زائرین پر فضیلت حاصل ہے – جیسا کہ سلیمان بن حفص کہتا ہے میں نے حضرت امام موسی بن جعفر علیہ السلام سے سنا ہے کہ آپ نے فرمایا: جو کوئی بھی میرے بیٹے علی  علیہ السلام کی زیارت کرے گا اللہ تعالیٰ اسے ستر 70مبرو رو مقبول حجوں کا ثواب عطا کرے گا - میں نے تعجب کرتے ہوئے کہا:ستر مقبول حجوں کا ثواب؟ آپ نے فرمایا :ہاں پھر فرمایا. ستر ہزار مقبول حجوں کا ثواب اسے ملے گا میں نے تعجب کرتے ہوئے پوچھا کیا ستر ہزار مقبول حجوں کا؟ آپ نے فرمایا بعض حج ایسے ہوتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول نہیں ہوتے ہیں؛ لیکن جو بھی میرے بیٹے کی زیارت کرے گا یا ایک رات آپ کے مرقد کے پاس گزارے گا وہ اس شخص کی مانند ہے جس نے عرش پر خدا کی زیارت کی ہو - پھر میں نے تعجب کرتے ہوئے پوچھا :کیا وہ اس طرح ہے جس نے خدا کی عرش پر زیارت کی ہو؟ آپ نے فرمایا: روز قیامت گزشتگان میں سے چار افراد حضرت نوحؑ،  حضرت ابراہیمؑ، حضرت موسیٰؑ اور حضرت عیسٰی ؑاور آخری زمانے میں سےحضرات محمدؑ، علیؑ، حسنؑ اور امام حسین علیہم السلام عرش خدا کے ارد گرد ہوں گے اور یہ محفل جاری رہے گی یعنی ان کے علاوہ اور بھی وہاں پر حاضر ہوں گے؛ قبور آئمہ علیہم السلام کے زائرین اسی محفل میں ہمارے ہمنشین ہوں گے اسکے بعد فرماتے ہیں۔الا انا اعلاها درجة و اقربهم حبوته زوار قبر والدي على۔ بے شک بلند ترین درجہ بہترین ہدیہ و عنایت میرے بیٹے علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے زائرین کے ساتھ مخصوص ہے۔

۳۔ تیسری فضیلت :

حضرت رضا علیہ السلام کے زائرین کو ضمانت دی گئی ہے کہ اس کے گزشتہ و آئندہ تمام گناہ اللہ تعالیٰ معاف فرما دے گا؛ امام جواد علیہ السلام فرماتے ہیں؛ جو شخص میرے پدر بزرگوار کی توس ميں زیارت کرے گا. اللہ تعالیٰ اس کے گزشتہ آئندہ گناہ معاف کردے گا. روز قیامت اس کا منبر رسول اللہ صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے منبر کے سامنے لگایا جائے گا وہ بڑے آرام سکون سے اس منبر پر بیٹھے گا؛ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اپنے آخری بندے تک حساب کتاب لے لے گا - اس روایت میں دو جہتیں ہیں:

اول: گناہ ہوں کی بخشش۔

دوم: حساب کتاب میں آسانی۔

۴۔ چوتھی فضیلت:  

روز قیامت لوگوں کے اعمال دیکھے جائیں گے لیکن حضرت رضا علیہ السلام کا زائرین رسول اکرم ص کے پاس بڑے آرام سے منتظر بیٹھا ہو گا؛ تاکہ لوگوں کا حساب و کتاب ختم ہو جائے ۔

تیسری فضیلت میں یہ ذکر ہوا تھا کہ گزشتہ و آئندہ کے گناہ بخش دیے جائیں گے لیکن اس جگہ بیان ہوا کہ اس کا محاسبہ و حساب کتاب نہیں ہو گا۔

 ابراہیم جعفری مہران سے نقل کرتا ہے کہ میں نے حضرت امام جواد علیہ السلام سے سوال کیا کہ جو شخص آپ کے والد بزرگوار کی زیارت کے لئے جائے گا اسے کیا اختیار دیا جائے گا؟ آپ نے فرمایا؛ میرے باپ کی زیارت کرنے والے کے گزشتہ و آئندہ کے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔

ماخوذ از  کتاب سیرت امام رضا علیہ السلام، ص 142۔

تعداد صفحات : 13

اطلاعات کاربری
  • فراموشی رمز عبور؟
  • آرشیو
    آمار سایت
  • کل مطالب : 123
  • کل نظرات : 2
  • افراد آنلاین : 1
  • تعداد اعضا : 0
  • آی پی امروز : 3
  • آی پی دیروز : 5
  • بازدید امروز : 10
  • باردید دیروز : 6
  • گوگل امروز : 0
  • گوگل دیروز : 0
  • بازدید هفته : 24
  • بازدید ماه : 59
  • بازدید سال : 1,404
  • بازدید کلی : 21,758