حضرت فاطمہ معصومہ علیہاالسلام کا علمی مقام
تحریر: سید مہدی رضا رضوی۔ متعلم جامعۃ المصطفی العالمیہ
حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلا م ایسے خاندان میں کہ جو علم و تقویٰ اور اخلاقی فضائل کا سرچشمہ تھا، پیدا ہوئیں اور پروان چڑھیں ، آپکی تربیت آغوش عصمت و طہارت، معصوم باپ اور پاکدامن ماں میں ہوئی اور شفقت پدری سے محروم ہونے کے بعد اپنے عظیم المرتبت بھائی حضرت امام علی رضا علیہ السلام سے تربیت و تعلیم حاصل کی ہے لہذا آپ علیہا السلام بہت سے کمالات و فضائل کی حامل تھیں یہاں پر ہم آپ کے سامنے صرف مقام علمی کو مختصر طور پر اشارہ فرمارہےہیں۔
حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شہادت کے بعد آپؑ کے بھائی حضرت امام علی رضا علیہ السلام نے آپؑ اوردوسرے بہن بھائیوں کی تربیت کی ذمہ داری اُٹھائی ، تقریبا ۱۰ سے ۲۷ سال کی عمر تک اپنے معصوم بھائی کی تربیت میں زندگی بسر کی۔ بلکہ حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی تقریباً تمام اولادیں ہی آپؑ اور امام علی رضا علیہ السلام کی تربیت کے سبب بلند و بالا مقام اور عام و خاص کے زبانزد ہو گئے۔لیکن ان سب کےدرمیان حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے بعد آپؑ کی بہن فاطمہ معصومہ علیہا السلام علمی و اخلاقی اعتبار سے سب سے بالاتر ہیں۔ جسکی دلیل آپؑ کے بارے میں آئمہ اطہار علیہم السلام کے فرامین اور توصیفات میں دیکھی جاسکتی ہے۔اور خود آپ کی علمی خدمات اور وہ احادیث ہیں جن کو آپ نے نقل و روایت فرمایا ہے۔ یہاں اس سلسلے میں مندرجہ ذیل دو اہم مطلب کو بیان کیا جارہا ہے:
الف: دوسروں کے سوالات کے علمی جوابات
حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام کے اہم ترین وقابلِ توجُّہ فضائل میں سے آپؑ کا صاحبِ علم کثیر ہونا ہے جو آپؑ نے اپنے والدِ گرامی حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے میراث میں پایا تھا۔ آپؑ اپنے والدِ بزرگوارؑ اور اپنے بھائ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی تربیت سے بہت عظیم مقام پر فائز تھیں ۔آپؑ نے بہت سے لوگوں کے سوالات کےجوابات دئے جسکی وجہ سے آپؑ کے والدِ بزرگوارؑ نے یہ جملہ فرمایا: ’’فَدَاهَا أَبُوهَا‘‘۔(بارگاہِ فاطمہ معصومہ علیہا السلام، تجلی گاہِ فاطمہ زہرا علیہا السلام، آیت اللہ سید جعفر میر عظیمی، ج۲، ص۲۷)
تاریخ میں ملتا ہے کہ ایک روز حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے کچھ شیعہ آپؑ کی زیارت، ملاقات اور اپنے کچھ مسائل معلوم کرنے کی غرض سے مدینہ آئے لیکن جب وہ آپؑ کے بیت الشرف پہنچے اور ملاقات کی درخواست کی تو معلوم ہوا کہ حضرتؑ مسافرت پر تشریف لے گئےہیں اور معلوم نہیں ہے کہ کب تک واپس آئیں گے، تب ان لوگوں نے واپس جاتے ہوئے اپنے اپنے سوالات تحریر کیے اور حضرتؑ کے بیت الشرف پہنچا دیئے، تاکہ جب کبھی دوبارہ مدینے آنا ہوا تب اِن سوالات کے جوابات مل جائے ، لیکن ابھی تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ اُن کو ان کے سوالات کے جواب موصول ہو گئے جنھیں حضرتؑ کی دخترِ نیک اختر حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام نے دیئے تھے جب وہ لوگ واپس جا رہے تھے تو رستہ میں حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے ملاقات ہو گئی، انہوں نے اپنے آنے اورسوالات کے بارے میں سب کچھ حضرتؑ سے بیان کر دیا۔ آپؑ نے ان جوابوں کو لیا اور دیکھا تو کامل اور اطمینان بخش پایا اور اپنی بیٹی کی عظمت اور احترام میں تین مرتبہ فرمایا: ’’فَدَاهَا أَبُوهَا‘‘(ملاحظہ فرمائیں: الفاطمۃ المعصومۃ علیہا السلام، محمد علی معلم، ص۷۷)
یہ جملہ حضرت رسولِ اکرمﷺ کے اُس فرمان کی یا د دلاتا ہے جو آپؐ نے حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام کے متعلق فرمایا تھا "فاطمۃ ام ابیھا" جو کہ حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام کی بلندی و عظمت پر دلیل ہے۔
ب: نقل حدیث
اسلام کے دو اصلی منابع قرآن اور سنت جو انسانوں کی ہدایت کے لیے موجود ہیں جس میں حضرت رسولِ اکرمﷺ اور آئمہ طاہرین علیہم السلام کی سنّت و فرمائشات کو نقل کرنا ایک عظیم وظیفہ ہے اور جس کام کو بہترین عبادت سے تعبیر بھی کیا گیا ہے ۔ (ملاحظہ فرمائیں: بحارالانوار، محمد باقر مجلسیؒ، ج۲، ص۱۴۵)
یہاں حضرت فاطمہ معصومہ علیہاالسلام سے منقول اہم حدیثوں کا ذکر کیا جارہا ہے۔
۱۔ حدیثِ غدیر
وہ احادیث جن کو حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام نے نقل فرمایا ہے، ان میں سے ایک مشہور و معروف حدیث، حدیثِ غدیر ہے: ’’حَدَّثَتْنَا فاطمة وَ زینبُ و أُمُّ کلثوم بناتُ موسیٰ بنِ جعفرٍ قُلنَ: حدَّثَتْنَا فاطمة بنتُ جعفرِ بنِ محمدٍ الصادقِ، حَدَّثَتْنی فاطمة بنتُ محمَّدِ بنِ علیٍّ، حَدَّثَتْنی فاطمة بنتُ علیِّ ابنِ الحسینِ، حَدَّثَتْنی فاطمة و سکینة ابْنَتَا الحسینِ بنِ علیٍّ عَن أُمِّ کلثومٍ بنتِ فاطمة بنتِ نبیٍّ عَن فاطمة بنتِ رسولِ اللَّه ﷺ قَالتْ: أَنَسِیتُم قَولَ رَسُولِ اللَّهﷺ یومَ غدیرِ خُم: مَنْ کُنْتُ مَوْلَاه فَعَلِیٌّ مَوْلَاه‘‘۔
یعنی ’’حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی بیٹیوں حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام، زینبؑ اور اُمّ کلثومؑ نے بیان کیا ہے کہ ہم سے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی بیٹی فاطمہؑ نے نقل کیا اور اُن سے حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی بیٹی فاطمہؑ نے نقل کیا اور اُن سے حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی بیٹی فاطمہؑ نے بیان کیا اور اُن سے حضرت امام حسین علیہ السلام کی دو بیٹیوں جناب فاطمہؑ اور سکینہؑ نے نقل کیا اور اُن سے حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام (اور علی علیہ السلام) کی بیٹی جناب اُمّ کلثومؑ نے بیان کیا اور اُن سے اُن کی والدہ رسولِ اکرمﷺ کی دخترِ نیک اختر حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام نے بیان فرمایا کہ آپؑ نے (لوگوں سے) ارشاد فرمایا: کیا تم لوگ حضرت رسولِ اکرمﷺ کی فرمائش بھول گئے کہ آپؐ نے روزِ غدیر خم فرمایا تھا: جس کا میں مولا ہوں اس کے علیؑ مولا ہیں۔‘‘ (الغدیر، عبدالحسین امینی، ج۱، ص۱۹۷، دارالکتب العربی، طبع چہارم، ۱۳۹۷ھ ق، بیروت، لبنان).
۲۔ حدیثِ منزلت
حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام نے مذکورہ سلسلہ سند کے ساتھ حدیثِ منزلت کو بھی نقل فرمایا ہے:
’’حَدَّثَتْنَا فاطمة و زینبُ وَ أُمُّ کلثوم بناتُ موسی بنِ جعفرٍ ... عن فاطمة بنتِ رَسولِ اللَّهﷺ، قَالَتْ: أَ نَسِیْتُمْ قَوْلَه: (قَالَ لِعَلِیٍّ عَلَیه السَّلَامُ: یَا عَلِیُّ) أَنْتَ مِنِّی بِمَنْزِلَة هارُونَ مِنْ مُّوسیٰ‘‘۔
یعنی ’’حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی بیٹیوں، حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام، زینبؑ اور اُمّ کلثومؑ نے ... حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام بنتِ رسولِ اللہﷺ سے نقل فرمایا ہے کہ آپؑ نے فرمایا: کیا تم لوگ رسولِ خداﷺ کی فرمائش بھول گئے کہ آپؐ نے حضرت علی علیہ السلام کو مخاطب کر کے فرمایا تھا: اے علیؑ! تیری نسبت مجھ سے ایسی ہی ہے جیسی ہارونؑ کی موسیٰؑ سے تھی۔‘‘ (الغدیر، عبدالحسین امینی، ج۱، ص۱۹۷)
۳۔ حدیثِ حُبِّ آلِ محمدؐ
حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی دخترِ نیک اختر حضرت فاطمہؑ سے، انہوں نے زینب بنت امیر المومنین علیہما السلام سے اور انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام سے نقل کیا ہے کہ رسولِ اکرمﷺ نے فرمایا: ’’أَلَا مَنْ مَاتَ عَلَی حُبِّ آلِ مُحَمَّدٍ مَاتَ شهیداً‘‘
یعنی ’’آگاہ ہو جاؤ کہ جو بھی محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام پر مرتا ہے وہ شہید کی موت مرتا ہے۔‘‘ (گنجینۂ دانشمندان، محمد شریف رازی، ج۱، ص۱۶)
۴۔ طہارتِ امام حسین علیہ السلام
’’حَدَّثَنی الحسنُ بنُ زیدٍ عن فاطمة بنتِ موسیٰ، عن عمر بن علی بن الحسین، عن فاطمة بنتِ الحسین، عن أسماء بنت ابی بکر، عن صفیة بنت عبد المطلب، قالَتْ: لَمّا سَقَطَ الحُسَینُ عَلَیه السَّلامُ مِنْ بَطْنِ أُمِّه وَ کُنتُ وَلّیتُها، قَالَ النَّبیُّﷺ یَا عَمَّة! هلمی إِلیَّ إِبْنی فَقُلتُ: یَا رَسُولَ اللَّه! إِنَّما لَمْ نُنظِّفْه بعدُ، فَقَالَﷺ: یَا عَمَّة! أَنتِ تُنَظِّفِیه؟! إِنَّ اللَّه تَبارَکَ وَ تَعالَی قَدْ نَظَّفَه وَ طَهره‘‘؛
یعنی ’’حسن ابن زید نے حضرت فاطمہ بنتِ موسیٰ علیہما السلام سے اور انہوں نے امام زین العابدین علیہ السلام کے فرزند عمر اشرف سے اور انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی بیٹی فاطمہؑ سے اور انہوں نے اسماء بنتِ ابوبکر سے اور انہوں نے صفیہ بنتِ عبد المطلبؑ سے نقل کیا ہے کہ جس وقت حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت ہوئی، میں حضرتؑ کی دائی کے طور پر خدمت میں موجود تھی، اُس وقت رسولِ اکرمﷺ نے مجھ سے فرمایا: اے پھوپی جان! میرے بیٹے کو مجھے لاکر دیں۔ میں نے عرض کی: اے رسولِ اللہؐ! ہم نے ابھی بچے کو غسل نہیں دیا اور پاک نہیں کیا ہے۔آپؐ نے تعجب سے فرمایا: اے پھوپی جان! کیا آپ اس بچے کو پاک کریں گی؟! اس کو خداوندِ عالم نے پاک و پاکیزہ خلق فرمایا ہے۔‘‘ ( العقیلۃ والفواطم، حسین شاکری، ص۱۹۷، نشر حکمت، قم)
۵۔ حدیثِ معراج
حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام نے جن احادیث کو نقل فرمایا ہے، ان میں سے ایک معروف و مشہور حدیث، حدیثِ معراج ہے کہ جو اس طرح نقل ہوئی ہے: ’’حَدَّثَتْنِی فاطمة بنت موسیٰ بن جعفرٍ ... عن فاطمة بنتِ رسولِ اللَّه قالتْ: سَمِعتُ رسولَ اللَّهﷺ، یَقولُ: لَمّا أُسْرِیَ بِی إِلَی السَّمَآءِ دَخَلتُ الجَنَّة فإِذا أَنا بِقَصرٍ مِن دُرَّةِ بَیضاءَ مَجوفَة وَ عَلیها بابٌ مُکَلَّلٌ بِالدُّرِ وَ الیَاقوتِ وَ عَلَی البابِ سترٌ فَرَفعتُ رَأسی فإِذاً مَکتوبٌ عَلَی البابِ: لَا إِلَه إِلَّا اللَّه، مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّه، عَلِیٌّ وَلِیُّ الْقَومِ‘‘ ۔
یعنی ’’حضرت امام موسیٰ ابن جعفر الکاظم علیہما السلام کی بیٹی حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام نے روایت نقل فرمائی ہے ... حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام سے کہ آپؑ نے فرمایا: میں نےرسولِ خداﷺ سے سنا ہے کہ آپؐ نے فرمایا: جس وقت مجھے آسمان پر معراج کے لیے لے گئے اور میں بہشت میں پہنچا تو میں نے اپنے آپ کو ایک سفید موتیوں کے قصر میں پایا جس کا دروازہ دُرّ و یاقوت سے بنا ہوا تھا اور اس کے اُوپر ایک پردہ لٹکا ہوا تھا میں نے اپنے سر کو بلند کیا تو اس پر یہ تحریر لکھی ہوئی دیکھی: (لَا إِلَه إِلَّا اللَّه، مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللَّه، عَلِیٌّ وَلِیُّ الْقَومِ)۔ ( ‘‘ الشیعۃ فی احادیث الفریقین، سید مرتضیٰ ابطحی، ص۱۱۹، طبع اول، ۱۴۱۶ھ ق، نشرِ مؤلف؛ مستدرک سفینۃ البحار، علی نمازی شاہرودی، ج۶، ص۱۴)


آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی غمناک شہادت
حضرت فاطمہ زہرا (علیہاالسلام) اور حضرت فاطمہ معصومہ قم (علیہاالسلام) کی دس شباہتیں
حضرت معصومه (علیہاالسلام )کی عظمت اور خصوصیات
جناب معصومہ (سلام اللہ علیہا ) کا مختصر تعارف
حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا اور مہربان دامن
حضرت خدیجہ علیہاالسلام کی زندگی کا مختصر خاکہ
🌟نوجوانوں کے لئے آئیڈیل؛ قاسم ابن حسن علیہماالسلام🌟
🌙قمر بنی ہاشم حضرت اباالفضل العباس علیہ السلام کے چار منفرد مقام✨
🌸حضرت زینب علیہاالسلام کی زندگی کے چند پہلو🌸
حضرت ابوطالب (علیہ السلام) کی غمناک وفات
حضرت فاطمہ زہرا (س) نور ہدایت
بانی انقلاب اسلامی ایران، امام خمینی(رہ) کے دس اہم کارنامے
اہل بیت علیہم السلام کے سونے کی ۱۰ خصوصیات
حضرت امام رضا علیہ السلام کی کرامات اور اہم نصیحتیں
حضرت امام رضا علیہ السلام اور نفس کا محاسبہ
خود اعتمادی کو ایجاد کرنے اور بڑھانے کے طریقے
ہر اک دل پہ ہے حکمرانی رضا ع کی
حضرت امام رضا علیہ السلام کا اپنے گھر والوں کے ساتھ حسن سلوک
حضرت امام رضا علیه السلام کی زیارت کی فضیلتیں
آنکھیں کُھلیں تو جاگ اُٹھیں حسرتیں تمام
? યોમે કુદસ શું છે? અને રમઝાનમાં શા માટે ઉજાવવામાં આવે છે
🕋 علی ع کو دیکھ کر کعبہ میں احمد ص مسکراتے ہیں🌷
🌻جناب زینب علیہاالسلام کی ۷ خصوصیات🏴
🌸بعثت پیغمبر اکرم (ص) کی ضرورت قران کی نگاہ میں🌸
کشتیِ دیں کے ناخدا ہیں حسین(ع)
خود اعتمادی کو ایجاد کرنے اور بڑھانے کے طریقے
حضرت فاطمہ معصومہ علیہاالسلام کا علمی مقام
امام زمانہ (عج) کی منفرد حکومت کی خصوصیات
زندگی جینے کا سلیقہ امام جواد علیہ السلام کی نظر میں
استقبال ماہ رمضان المبارک
💥سیرت نبی اکرم(ص) اور معاصر چلینج 🌤
🌺حضرت امام جواد علیہ السلام کی نظر میں آٹھ اہم چیزیں🌺
ماہ رمضان اور شب قدر میں کیا پایا اور کیا بچانا ہے ؟
بنی امیہ کے زوال کے عوامل
امام موسی کاظم (ع) مختلف زندانوں میں
ماہ مبارک رمضان کا کیسے استقبال کریں