(تحریر: سید تعلیم رضا جعفری)

🔰حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے جناب مفضل بن عمر نامی راوی نے سوال کیا کہ جناب فاطمہ زہرا[علیہاالسلام] کی ولادت کیسے ہوئی؟ ولادت کے دن کیا کیا ہوا؟
♻️ حضرت امام صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ: جب جناب خدیجہ [س] نے پیغمبراکرم[ص] سے شادی کرنا منظور کرلیا تھا تو مکہ کی عورتوں نے آپ سےدشمنی کرلی تھی ۔ آپ سے دور رہتی تھی۔ آپ کو سلام نہیں کرتی تھی اور کسی کو آپ کے پاس جانے نہیں دیا جاتا تھا۔ اسی وجہ سے جناب خدیجہ [س] پریشان اور غمگین رہنے لگی تھی۔ لیکن آپ کی پریشانی زیادہ تر پیغمبراکرم[ص] کے لئے تھی کہ کہیں دشمن آپ کو کوئی تکلیف نہ پہونچائے۔اسی وجہ سے جب جناب فاطمہ زہرا[س] شکم مادر میں آئیں تو آپ ماں کے شکم سے ہی باتیں کرتی تھیں اور اپنی ماں کی تنہائی کی ساتھی ہوگئیں اور ان کو صبر کرنے کے لئے کہتی تھیں۔
حضرت خدیجہ [س] نے اس حالت اور باتوں کو پیغمبراکرم[ص] سے بیان نہیں کیا تھا۔اسی لئے ایک دن جب آنحضرت[ص] گھر میں داخل ہوئے اور سنا کہ جناب خدیجہ[س] کسی سے گفتگو فرمارہی ہیں لیکن کوئی ان کے پاس موجود نہیں تھا تو فرمایا: خدیجہ ! آپ کس سے باتیں کررہی ہیں؟
جناب خدیجہ [س] نے عرض کیا: جو بچہ میرے شکم میں ہے وہ مجھ سے باتیں کرتا ہے اور یہی میری تنہائی کا ساتھی ہے۔
🌹پیغمبراکرم[ص] نے فرمایا: اے خدیجہ! جبرئیل [ع] میرے پاس آئے ہیں اور خبر دے رہے ہیں کہ یہ بچہ بیٹی ہے۔ اور اس بیٹی کی نسل پاکیزہ اور بابرکت ہوگی۔ اور اللہ تعالیٰ میرے نسل کو اسی بیٹی کے ذریعہ پھیلائے گا۔ اور اس بیٹی کی نسل سے دین کے پیشوا اور امام ہونگے۔ اور اللہ تعالیٰ وحی کے منقطع ہونے کے بعد ان اماموں کو زمین پر میرے جانشین قرار دےگا۔ [تاريخ چهارده معصوم، ص 159 و 160]
🌼بالآخر جب جناب فاطمہ زہرا[س] کی ولادت کا وقت نزدیک آیا اور جناب خدیجہ[س] نے درد کا احساس کیا تو آپ نےکسی کو مکہ کی خواتین اور بنی ہاشم کی عورتوں کو بلانے کے لئے بھیجالیکن سب نے بھی آنے اور مدد کرنے سے منع کردیا اور کہہ دیا کہ آپ نے ابوطالب کے یتیم [حضرت محمد[ص] ] سے شادی کرلی تھی جو فقیر ہے اور ہماری بات نہیں مانی لہذا اب ہم لوگ آپ کی مدد نہیں کریں گے۔
🍂جناب خدیجہ [س] نے جب مکہ کی عورتوں کے اس پیغام کو سنا تو آپ پریشان ہوگئیں ۔ اسی حالت میں تھیں کہ اچانک دیکھا کہ گندمی رنگ اور بلند قد والی چار خواتین حاضر ہوئیں جو بنی ہاشم کی عورتوں جیسی لگ رہی تھیں۔ جناب خدیجہ[س] ان کو دیکھ کر گھبرا گئیں۔ ان میں سے ایک نے عرض کیا: اے خدیجہ ! آپ گھبرائیے مت، ہم سب اللہ تعالیٰ کی جانب سے آپ کی مدد کرنے کے لئے آئے۔ میں سارہ ہوں حضرت ابراہیم [ع] کی بیوی۔ دوسری آسیہ حضرت مزاحم کی بیٹی۔ تیسری مریم بنت عمران ہے اور چوتھی حضرت موسی [ع] کی بہن کلثوم ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہم سب کو بھیجا ہے تاکہ ولادت کے وقت آپ کے ساتھ رہیں اور آپ کی مدد کریں۔ اس کے بعد سب حضرت خدیجہ[س] کے اطراف میں کھڑی ہوگئیں اور جناب فاطمہ زہرا[س] کی پرنور ولادت ہوئی۔
✨جناب فاطمہ زہرا[س] جیسے ہی شکم مادر سے باہر آئیں ایک نور آپ کے وجود سے ظاہر ہوا ، اتنا زیادہ نور تھا کہ مکہ کے تمام گھروں تک اور مشرق و مغرب میں زمین کے ہرحصے تک اس کی روشنی پہونچی۔ اس وقت جنت سے ۱۰ حور العین آئیں ، ہر ایک کے ہاتھ میں تشت اور آب کوثر سے بھرے ہوئے کوزے تھے۔ جس کے ذریعہ حضرت فاطمہ زہرا[س] کو غسل ولادت دیا گیا۔ پھر دوسفید رنگ کے جنتی لباس نکالے گئے جو دودھ سے زیادہ سفید، مشک و عنبر سے زیادہ خوشبودار تھا۔ ایک لباس سے حضرت فاطمہ زہرا[س] کو لپیٹا گیا ، دوسرے کو آپ کا مقنعہ بنایا گیا۔ اس کے بعد جناب فاطمہ زہرا[س] کلام کیا۔
*ولادت کے وقت حضرت فاطمہ زہرا[س] پہلا کلام اس طرح کیا کہ: "اشهد ان لا اله الا الله، و ان ابى رسول الله سيد الانبياء، و ان بعلى سيد الاوصياء، و ولدى سادة الاسباط" میں گواہی دیتی ہوں کہ کوئی خدا نہیں ہے سوائے وحدہ لاشریک کے۔ اور میرے بابا اللہ کے رسول اور تمام انبیاء کے سردار ہیں۔ اور میرے شوہر علی تمام اوصیاء کے سردار ہیں اور میرے بیٹے تمام اسباط[پوتوں، نواسوں] کے سردار ہیں"۔*
🌱اس کے بعد جناب فاطمہ زہرا[س] تمام حاضرین میں ہر ایک کانام لےکر سلام کیا۔ یہ دیکھ تمام خواتین نے خوشحالی کا اظہار کیا۔ جنت کی حوروں نے مسکرا کر ایک دوسرے کو بشارت دی۔ اہل آسمان نے بھی عالمین کی خواتین کی سردار کی ولادت پر ایک دوسرے کو بشارت دی۔آسمان میں اس وقت ایسا نور ظاہر ہوا جسے پہلے کسی نے نہیں دیکھا تھا۔
🍀آخرکار ان مقدس خواتین نے جناب خدیجہ[س] کو یہ کہتے ہوئے جناب فاطمہ[س] کو حوالے کردیا کہ: لیجئیے اس پاک و پاکیزہ بیٹی کو ۔ یہ پاکیزہ اور بابرکت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو نسل کو بہت بابرکت بنایا ہے۔ اس کے بعد جناب خدیجہ[س] نے خوشحالی کے ساتھ اپنی بیٹی کو آغوش میں لیا اور شیر مادر پلایا۔

🍀جناب فاطمہ زہرا[س] ایک دن میں جسمانی اعتبار سےاتنا بڑھتی تھیں، جتنا ایک بچہ ایک مہینے میں بڑھتا ہے۔ اور ایک مہینے میں اتنا بڑھتی تھیں جتنا دوسرے بچے ایک سال میں بڑھتےہیں۔ [امالی شیخ صدوق، ص475]۔
❄️نتیجہ❄️
حضرت فاطمہ زہرا[س] وہ عظیم شخصیت تھیں جن کی ولادت کے اسباب کو خود اللہ تعالیٰ نے فراہم کیا اور جنت کی منتخب خواتین اور حوروں کو آپ کی ولادت میں مدد کے لئے بھیجا تھا۔ اور روز اول ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ یہ بیٹی کوئی معمولی بیٹی نہیں ہے بلکہ جس طرح اس کا نور ولادت کے دن پوری کائنات میں چھا گیا تھا اسی طرح آئندہ اس کی نسل بھی کائنات میں چھا جائے گی اور اس کے کردار و سیرت کی خوشبو بھی ہر نیک سیرت انسان کی زندگی کو معطر و منور کردے گا۔