loading...
عین الحیات فاونڈیشن

نوجوانوں کے لئے آئیڈیل؛ قاسم ابن حسن علیہماالسلام

تحریر: سید تعلیم رضا جعفری

 حضرت امام علی علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے کہ:

"غُلامٌ عاقِلٌ خَیرٌ مِنْ شیخٍ جاهِل"

ایک عاقل اور سمجھدار جوان، جاہل اور نادان بوڑھے سے بہتر ہے (مواعظ عددیه، ص23)

ایک دوسری حدیث میں ارشاد ہوا کہ:

"یَنبغی لِلعاقِل أنْ یَحتَرِسَ مِن سُكرِ المالِ وَ سُكرِالقُدرَةِ وَ سُكرِالعِلمِ وَ سُكرِ المَدحِ وَ سُكِرالشّبابِ"۔

عاقل شخص کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو مال کے نشے، قدرت کے نشے، علم کے نشے، تعریف و تمجید کے نشے اور جوانی کے نشے سے محفوظ رکھے۔(فهرست‌غرر، ص ٣٧٧)

نوجوانوں اور جوانوں کے لئے بہت سی حدیثوں میں سے مذکورہ دو حدیثیں جوانی کے باب میں بہت اہمیت کی حامل ہیں؛ نوجوانی اور جوانی ایک ایسا دور ہوتا ہے کہ جہاں عقلمندی اور سمجھداری کا اظہار انسان کی شخصیت اور سلامتی اور اس کے کمالات کا پیمانہ ہے۔ عمر کے اس دور میں بہت سی آفات ہوتی ہیں جو ایک جوان کے دامنگیر ہوتی ہیں اور اس کی عقل و سمجھداری کو نقصان پہونچاتی ہے۔ جن میں سے کچھ کا دوسری حدیث میں ذکر کیا گیا ہے کہ کبھی مال کا نشہ ہوتا ہے، اپنے ماں باپ کا مال ہو یا خود اپنا مال ہو۔ اسی طرح قدرت کا نشہ ہوتا ہے اپنی قدرت ہو یا ماں باپ کی قدرت کا اثر ہو اسی طرح علم کا نشہ، تعریف کی بھوک بھی عقل کے لئے آفت ہے۔ ان ساری آفتوں اور ان تمام طرح کے نشوں کو مات دے کر اگر کوئی نوجوان اور جوان، سمجھداری اور عقلمندی سے کام لیتا ہے اور میدان امتحان و آزمائش میں اپنے جوہر دکھاتا ہے تو وہ بہت سے بوڑھے اور سن رسیدہ افراد سے آگے نظر آتا ہے۔

خاندان عصمت و طہارت کے دامن میں پرورش پانے والے نوجوانوں اور جوانوں کی حیات طیبہ پر نظر ڈوڑایا جائے تو بہت سی مثالیں ہمیں مل جائیں گی جنہوں نے ایسے ایسے کارنامے انجام دیئے اور اپنی عقلمندی اور سمجھداری کے ایسے جوہر دکھائے کہ بڑے بڑے اصحاب اور وقت کے عالم نما افراد سے کہیں آگے نکل گئے۔

حضرت قاسم ابن حسن ابن علی ابن ابیطالب علیہم السلام بھی ایک ایسے نوجوان تھے۔ آپ کی ولادت تقریبا ۴۸ ہجری میں ہوئی اور آپ نے صرف دو تین سال کی عمر میں اپنے بابا کا سایہ کھو دیا اور پھر دس سال تک اپنے چچاجان حضرت امام حسین علیہ السلام کے دامن تربیت میں پرورش پائی اور صرف ۱۳ سال کی عمر میں کربلا کے معرکہ میں شہید ہوئے۔ آپ کی والدہ کا نام رملہ یا نفیلہ تھا جنہوں نے خانہ سبط پیغمبر حضرت امام حسن علیہ السلام میں کنیزی کا شرف حاصل کیا اور تقوا و پرہیزگاری اور دیانت داری کے اعلیٰ مدارج پر فائز ہوئی اور مادر حضرت قاسم ہونے کا شرف حاصل کیا۔ (حیاة الإمام الحسن بن على، ۱۴۱۳ق، ج۲، ص۴۵۵-۴۶۰).

حضرت قاسم علیہ السلام بچپن سے ہی حالات اور زمانے کے امتحانات اور مشکلات کو دیکھتے آئے ہیں لیکن اپنے چچا سے علوم اور معارف و اخلاق اسلامی کے اسرار و رموز کو اس طرح سیکھا اور کربلا کے میدان میں ان کا اظہار فرمایا کہ بہت سے بزرگوں کو پیچھے کردیا۔ آپ نے دنیاداری اور مادیات دنیا کو ٹھوکر مارکر امام وقت کی نصرت و حمایت میں ہمہ تن آمادہ رہنے کا وہ سبق دیا کہ رہتی دنیا تک اس کی مثال نہیں ملتی۔

یوں تو میدان کربلا کے شہیدوں میں ہر ایک نے اپنی اپنی خصوصیت کا اظہار فرمایا بلکہ خداوندعالم ہر ایک کے لئے کسی نہ کسی خصوصیت کو مخصوص کیا لیکن حضرت قاسم ابن حسن علیہماالسلام کے لئے جس خصوصیت کو مخصوص فرمایا ہے وہ عین نوجوانی میں "موت سے عشق" ہے۔ جیسا کہ تاریخ میں ملتا ہے کہ جب شب عاشوراء حضرت امام حسین علیہ السلام نے چراغوں کو خاموش کرکے سب کو میدان کربلا سے چلے جانے کے لئے کہہ دیا اور کوئی نہیں گیا اور پھر امام نے اپنے اصحاب کی تعریف و تمجید فرمائی اور فہرست شہداء سامنے آنے لگی تو حضرت قاسم ابن حسن علیہماالسلام جو ابھی نابالغ تھے اور آپ پر تکلیف جہاد بھی نہیں تھی لہذا آگے بڑھتے ہیں اور عرض کرتے ہیں کہ:

"چچاجان!" کیا فہرست شہداء میں میرا نام نہیں ہے؟

حضرت قاسم علیہ السلام کے اس بے خوف و خطر اور عاشقانہ سوال نے سب کو اپنی جانب متوجہ کردیا۔ سب کی نگاہیں وجود حضرت قاسم علیہ السلام کا طواف کرنے لگیں۔

حضرت امام حسین علیہ السلام نے قاسم علیہ السلام کے سوال پر کچھ دیر سکوت اختیار کیا اور پھر سوالیہ انداز میں پوچھا:

بیٹا! «کیف الموت عندک؛ موت کا ذائقہ تمہاری نظر میں کیسا ہے؟

قاسم علیہ السلام نے عرض کیا: «الموت أحلی من العسل؛ موت تو میرے نزدیک شہید سے زیادہ شرین ہے۔

امام نے فرمایا: «انک فیمن یقتل بعد أن تبلو ببلاء عظیم؛ اے بیٹا قاسم! ہاں آپ بزرگ امتحان میں گرفتار ہونے کے بعد شہیدوں میں قرار پاؤگے۔ (ملبوبی الوقایع و الحوادث، ج 3، ص 62)

دین خدا اور امام وقت پر وقت پڑتے پر حضرت قاسم علیہ السلام کا جذبہ شہادت دیکھنے لائق اور سبق آموز ہے۔ جہاں عقلیں کام کرنا چھوڑ دیتی ہے ایسے عالم میں حضرت قاسم علیہ السلام کے موت سے عاشقی حقیقت میں خدا اور امام وقت سے عشق اور عقل کی بلندی ہے۔ یہی وجہ سے ہے کہ مقاتل نے اس بات کو بھی بیان کیا ہے کہ

"حضرت قاسم علیہ السلام جو ابھی سنّ بلوغ تک نہیں پہونچے تھے۔ میدان قتال میں جانے کے لئے بار بار امام حسین علیہ السلام کے پاس آرہے تھے۔ اور ایک مرتبہ جب مولا کو دیکھا تو گلے لگ کر اتنا گریہ کیا کہ دونوں بے ہوش ہوگئے۔ اس کے جب غش سے افاقہ ہوا تو وہ نوجوان پھر سے امام حسن علیہ السلام سے اجازہ رخصت طلب کرنے لگا۔ قاسم نے اجازت کے لئے امام حسین علیہ السلام کے ہاتھوں اورپاوں کا اتنا بوسہ لیا اور اصرار کیا یہاں تک کہ امام سے اجازت حاصل کرلی اور اپنی آرزو تک پہونچ گئے"۔ (شرح غم حسین (علیه السّلام)، ص۱۵۰؛ نفس المهموم، ص ۲۹۲؛  در کربلا چه گذشت؟، ص۴۰۳؛ قمقام زخار و صمصام بتار، ص۵۰۴)

حضرت قاسم علیہ السلام کی عظمت اور بلندی مرتبت کا انداز ان زجز سے بھی لگایا جاسکتا ہے جن کو تاریخ نے نقل کیا ہے کہ جب آپ میدان بلاء میں تشریف لائے تو بلند آواز سے فرمایا:

إن تُنكِروني فَأَنَا ابنُ الحَسَن‏                  سِبطُ النَّبِيِّ المُصطَفى وَالمُؤتَمَن‏‏

هذا حُسَينٌ كَالأَسيرِ المُرتَهَن‏   بَينَ اناسٍ لا سُقوا صَوبَ المُزَن‏‏

اگر مجھے نہیں پہچانتے ہو تو پہچان لو میں حسن(ع) سبط پیغمبر(ص) کا بیٹا ہوں۔ اور یہ امام حسین علیہ السلام ہیں جو ایسے لوگوں کے درمیان گرفتار ہیں جو ہرگز باران رحمت خدا سے سیراب  نه ہوں۔ ) مجلسی، بحارالأنوار، ۱۴۱۳ق، ج۴۵، ص۳۴).

  آخر چمکتا ہوا سورج ،شدید قتال کے بعد میدان کربلا میں غروب ہوگیا لیکن رہتی دنیا تک خاص طور سے نوجوانوں اور جوانوں کے لئے عظیم آئیڈیل اور نمونہ زندگی بن گیا کہ عقل و سمجھداری کے ساتھ کیا گیا فیصلہ ہمیں بہت سے نادان اور جاہل بوڑھوں سے برتر بنا دیتا ہے۔

 

مطالب مرتبط
ارسال نظر برای این مطلب

کد امنیتی رفرش
اطلاعات کاربری
  • فراموشی رمز عبور؟
  • آرشیو
    آمار سایت
  • کل مطالب : 123
  • کل نظرات : 2
  • افراد آنلاین : 1
  • تعداد اعضا : 0
  • آی پی امروز : 3
  • آی پی دیروز : 5
  • بازدید امروز : 27
  • باردید دیروز : 6
  • گوگل امروز : 0
  • گوگل دیروز : 0
  • بازدید هفته : 41
  • بازدید ماه : 76
  • بازدید سال : 1,421
  • بازدید کلی : 21,775