loading...
عین الحیات فاونڈیشن

حضرت زینب  علیہاالسلام کی زندگی کے چند پہلو

تحریر: سید تعلیم رضا جعفری

 

                        مشہور روایت کے مطابق۵جمادی الثانی، سنہ ۵ ہجری میں جناب زینب علیہاالسلام کی ولادت کی تاریخ بیان ہوئی ہے(اعلام النساء: فی عالمی العرب و الاسلام، کحاله، ج 2، ص91)۔ لیکن بعض روایات کے مطابق شعبان المعظمکا مہینہ یاشعبان المعظم کیپہلی تاریخ حضرت زینب علیہاالسلام کی ولادت سے منسوب ہے(الموسوعة الکبری عن فاطمة الزهراء، ج 5، ص 39، 347) لہذا تمام عاشقان اہل بیت علیہم السلام کی خدمت میں مبارکباد کے ساتھ حضرت زینب علیہاالسلام کی زندگی کے کچھ اہم پہلو پیش خدمت ہیں:

v جب حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت ہوئی تو گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، روایت کے مطابق آنحضرت ﷺ سفر پر تھے واپسی جب بچی کو آپ کے سامنے پیش کیا گیا تو آپ نے پیار کیا اور کچھ دیر تامل کے بعد فرمایا : خدا نے اس بچی کا نام " زینب " منتخب کیاہے ۔

v فضیلتوں اور کرامتوں سے معمور گھر میں رسول اسلامﷺ اور علی علیہ السلام و فاطمہسلام اللہ علیہا کی مانند عظیم ہستیوں کے دامن میں زندگي بسر کرنے والی حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا وجود تاریخ بشریت کا ایک غیرمعمولی کردار بن گياہے کیونکہ امام کے الفاظ میں اس عالمۂ غیر معلمہ اور فہیمۂ غیر مفہمہ نے اپنے بے مثل ہوش و ذکاوت سے کام لیکر، عصمتی ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور الٰہی علوم و معارف کے آفتاب و ماہتاب سے علم و معرفت کی کرنیں سمیٹ کر خود اخلاق و کمالات کی درخشاں قندیل بن گئیں ۔

v جب بھی ہم جناب زینب سلام اللہ علیہا کی تاریخ حیات کا مطالعہ کرتے ہیں ان کے معنوی کمالات کی تجلیاں، جو زندگی کے مختلف حصول پر محیط نظر آتی ہیں، آنکھوں کو خیرہ کردیتی ہیں چاہے وہ اپنی ماں کی آغوش میں ہمکتی اور مسکراتی تین چار کی ایک معصوم بچی ہو چاہے وہ کوفہ میں خلیفۂ وقت کی بیٹی کی حیثیت سے خواتین اسلام کے درمیان اپنے علمی دروس کے ذریعہ علم و معرفت کے موتی نچھاور کرنے والی " عقیلۂ قریش " ہو یا کربلا کے خون آشام معرکے میں اپنے بھائی حسینؑ غریب کی شریک و پشتپناہ فاتح کوفہ و شام ہو؛ ہرجگہ اور ہر منزل میں اپنے وجود اور اپنے زریں کردار و عمل کے لحاظ سے منفرد اور لاثانی نظر آتی ہے۔ روایت کے مطابق ابھی چار سال کی بھی نہیں ہوئی تھیں کہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام  ایک ضرورتمند کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے اور جناب فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا سے اپنے مہمان کے لئے کھانے کی فرمائش کی، معصومۂ عالم نے عرض کی: یا ابا الحسن ! اس وقت گھر میں کھانے کو کچھ بھی نہیں ہے صرف مختصر سی غذا ہے جو میں نے زینبؑ کے لئے رکھ چھوڑی ہے۔ یہ سن کر علی و فاطمہ کی عقیلہ و فہیمہ بیٹی دوڑتی ہوئی ماں کے پاس گئی اور مسکراتے ہوئے کہا : مادر گرامی، میرا کھانا بابا کے مہمان کو کھلا دیجئے، میں بعد میں کھالوں گی اور ماں نے بیٹی کو سینے سے لگالیا اور باپ کی آنکھوں میں مسرت و فرحت کی کرنیں بکھر گئیں : " تم واقعاً زینب ہو "

v محمد عربی ﷺ کا گھرانہ، حادثوں کے ہجوم میں بھی اپنے فرائض اور اپنے نورانی وجود کو حالات کی نذر ہونے نہیں دیتا۔ جناب زینب(س) کو بھی بچپن میں ہی نانا محمد عربیﷺ کے سایۂ رحمت اور پھر چند ہی ماہ بعد اپنی درد و مصا ئب میں مبتلا مظلوم ماں کی مادرانہ شفقت سے محروم ہونا پڑا لیکن زمانے کے ان حادثوں نے مستقبل کے عظیم فرائض کی ادائیگی کے لئے پانچ سالہ زینبؑ کے حوصلوں کو اور زیادہ قوی و مستحکم کردیا۔

v جناب فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا کی شہادت کے بعد علی ابن ابی طالب علیہ السلام  کے تمام خانگی امور کے علاوہ خواتین اسلام کی تہذیب و تربیت کی ذمہ داریوں کو اس طرح اپنے کاندھوں پر سنبھال لیا کہ تاریخ آپ کو " ثانی زہرا" اور "عقیلۂ بنی ہاشم" جیسے خطاب عطاکرنے پر مجبور ہوگئی۔ حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے نبوت و امامت کے بوستان علم و دانش سے معرفت و حکمت پھول اس طرح اپنے دامن میں سمیٹ لئے تھے کہ آپ نے احادیث کی روایت اور تفسیر قرآن کے لئے مدینہ اور اس کے بعد علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے دورِ خلافت میں کوفہ کے اندر با قاعدہ مدرسہ کھول رکھاتھا جہاں خواتین کی ایک بڑی تعداد اسلامی علوم و معارف کی تعلیم حاصل کرتی تھی۔ جناب زینب(س) نے اپنے زمانے کی عورتوں کے لئے تعلیم و تربیت کا ایک وسیع دسترخوان بچھا رکھا تھا جہاں بہت سی خواتین آئیں اور اعلی علمی و معنوی مراتب پر فائز ہوئیں۔

v حضرت علی علیہ السلام نے اپنی بیٹی جناب زینب کبریٰ کی شادی اپنے بھتیجے جناب عبداللہ ابن جعفر سےکی تھی جن کی کفالت و تربیت جناب جعفر طیار کی شہادت کے بعد خود نبی اکرمﷺ نے اپنے ذمے لے لی تھی اور رسول اسلامﷺ کی رحلت کے بعد علی بن ابی طالب علیہ السلام نے ہی ان کی بھی پرورش کی تھی اس کے باوجود روایت میں ہے کہ حضرت علی علیہ السلام نے عبداللہ ابن جعفر سے شادی سے قبل یہ وعدہ لے لیا تھا کہ وہ شادی کے بعد جناب زینب کبری(س) کے اعلیٰ مقاصد کی راہ میں کبھی حائل نہیں ہوں گے اگر وہ اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام کے ساتھ سفر کریں تو وہ اپنے اس فعل میں مختار ہوں گی۔ چنانچہ جناب عبداللہ ابن جعفر نے بھی اپنے وعدے پر عمل کیا اور حضرت علی علیہ السلام کے زمانے سے لے کر امام زین العابدین علیہ السلام کے زمانے تک ہمیشہ دین اسلام کی خدمت اور امام وقت کی پشت پناہی کے عمل میں جناب زینب سلام اللہ علیہا کی حمایت اور نصرت و مدد کی حضرت علیعلیہ السلام کی شہادت کے بعد جناب زینبؑ کو اپنےشوہر کے گھر میں بھی آرام و آسایش کی زندگی میسر تھی، جناب عبداللہ اقتصادی اعتبار سے موفق تھے انہوں نے ہر طرح کی مادی و معنوی سہولیات حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے لئے مہیا کر رکھی تھیں۔ وہ جانتے تھے جناب زینب سلام اللہ علیہا اپنے بھائیوں امام حسن علیہ السلام اور امام حسین  علیہ السلام سے بہت زیادہ مانوس ہیں اور ان کے بغیر نہیں رہ سکتیں لہذا وہ اس راہ میں کبھی رکاوٹ نہیں بنے؛ خاص طور پر جناب زینبؑ امام حسین علیہ السلام سے بہت زیادہ قریب تھیں اور یہ محبت و قربت بچپن سے ہی دونوں میں پرورش پارہی تھی۔چنانچہ روایت میں ہے کہ جب آپ بہت چھوٹی تھیں ایک دن معصومۂ عالم نے پیغمبر اسلامﷺ سے عرض کی کہ بابا ! مجھے زینب اور حسین کی محبت دیکھ کر کبھی کبھی حیرت ہوتی ہے یہ لڑکی اگر حسینؑ کو ایک لمحے کے لئے نہیں دیکھتی تو بے چین ہوجاتی ہے، اس وقت رسول اسلامﷺ نے فرمایاتھا :"بیٹی! وہ مستقبل میں اپنے بھائی حسینؑ کی مصیبتوں اور سختیوں میں شریک ہوگی " اسی لئے جناب زینبؑ عظیم مقاصد کے تحت آرام و آسائش کی زندگی ترک کردی اور جب امام حسینؑ نواسۂ رسولﷺ نے اسلام کی حفاظت اور ملت اسلامیہ کی اصلاح کے لئے کربلا کا سفر اختیار کیا تو جناب زینبؑ بھی بھائی کے ساتھ ہوگئیں ۔

v جناب زینب سلام اللہ علیہا نے اپنی زندگی کے مختلف مرحلوں میں اسلامی معاشرہ میں رونما ہونے والے طرح طرح کے تغیرات بہت قریب سے دیکھے تھے؛ خاص طور پر دیکھ کر کہ امویوں نے کس طرح دور جاہلیت کی قومی عصبیت اور نسلی افتخارات کو رواج دے رکھاہے اور علیٰ الاعلان اسلامی احکامات کو پامال کررہے ہیں۔ علی و فاطمہ کی بیٹی اپنے بھائی کے ساتھ اسلامی اصولوں کی برتری کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہوگئی۔ ظاہر ہے جناب زینب، بھائی کی محبت سے قطع نظر اسلامی اقدار کی حفاظت اور اموی انحراف سے اسلام کی نجات کے لئے امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ہوئی تھیں کیونکہ آپ کاپورا وجود عشق حق اور عشق اسلام سے سرشار تھا۔

v جناب زینب سلام اللہ علیہا نے واقعۂ کربلا میں اپنی بے مثال شرکت کے ذریعے تاریخ بشریت میں حق کی سربلندی کے لڑے جانے والی سب سے عظیم جنگ اور جہاد و سرفروشی کے سب سے بڑے معرکہ کربلا کے انقلاب کو رہتی دنیا کے لئےجاوداں بنادیا۔ جناب زینب سلام اللہ علیہا کی قربانی کا بڑا حصہ میدان کربلا میں نواسۂ رسول امام حسین  علیہ السلام کی شہادت کے بعد اہلبیت رسولﷺ کی اسیری اور کوفہ و شام کے بازاروں اور درباروں میں تشہیر سے تعلق رکھتا ہے۔ اس دوران جناب زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے کچھ اہم اور ممتاز پہلو حسین ترین شکل میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ خدا کے فیصلے پر ہر طرح راضی و خوشنود رہنا اور اسلامی احکام کے سامنے سخت ترین حالات میں سر تسلیم و رضا خم رکھنا علیؑ کی بیٹی کا سب سے بڑا امتیازہے۔ صبر، شجاعت، فصاحت و بلاغت اور نظم و تدبیر کے اوصاف سے صحیح اور پُروقار انداز میں استفادہ نے آپ کو عظیم انسانی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بھرپور کامیابی عطا کی ہے۔ جناب زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے وقت کے ظالم و سفاک ترین افراد کے سامنے پوری دلیری کے ساتھ اسیری کی پروا کئے بغیر مظلوموں کے حقوق کا دفاع کیاہے اور اسلام و قرآن کی حقانیت کا پرچم بلند کیاہے۔ جن لوگوں نے نواسۂ رسولﷺ کو ایک ویران و غیر آباد صحرا میں قتل کرکے، حقائق کو پلٹنے اور اپنے حق میں الٹا کر کے پیش کرنے کی جرأت کی تھی سرِ دربار ان عظیم  جرائم کو برملا کرکے کوفہ و شام کے بے حس عوام کی آنکھوں پر پڑے ہوئے غفلت و بے شرمی کے پردے چاک کئے ہیں اور باوجود اس کے کہ بظاہر تمام حالات بنی امیہ اور ان کے حکمراں یزید فاسق و فاجر کے حق میں تھے جناب زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے خطبوں کے ذریعے اموی حکام کے ظالمانہ چہرے برملا کر کے ابتدائی مراحل میں ہی نواسۂ رسول کے قاتلوں کی مہم کو ناکام و نامراد کردیا۔

v یہاں جناب زینب سلام اللہ علیہا کے ایک زرین قول پر اپنی یہ گفتگو تمام کی جاتی ہے؛ آپ فرماتی ہیں: "خداوند عالم کو تم پر جو قوت و اقتدار حاصل ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے اس سے ڈرتے رہو اور وہ تم سے کس قدر قریب ہے اس کو پیش نظر رکھ کر (گناہ کرنے سے ) شرم کرو۔ "

 

مطالب مرتبط
ارسال نظر برای این مطلب

کد امنیتی رفرش
اطلاعات کاربری
  • فراموشی رمز عبور؟
  • آرشیو
    آمار سایت
  • کل مطالب : 123
  • کل نظرات : 2
  • افراد آنلاین : 1
  • تعداد اعضا : 0
  • آی پی امروز : 3
  • آی پی دیروز : 5
  • بازدید امروز : 55
  • باردید دیروز : 6
  • گوگل امروز : 0
  • گوگل دیروز : 0
  • بازدید هفته : 69
  • بازدید ماه : 104
  • بازدید سال : 1,449
  • بازدید کلی : 21,803