loading...
عین الحیات فاونڈیشن

ماہ مبارک رمضان کی فرصتیں اور ہم

تحریر: سید معظم حسین زیدی

زمانہ قدیم سے لے کر آج کے پیش رفتہ دور تک ہمیشہ ایک مشکل انسانوں کی اکثریت کے ساتھ رہی ہے کہ وہ اپنے وقت سے، اپنی زندگی سے، اپنی زندگی کی فرصتوں سے کما حقہ فائدہ نہیں اٹھا سکے؛ جس کی وجہ سے وہ اپنی زندگی میں نہ تو خود اپنے لئے اور نہ ہی معاشرے کے لئے مادی اور معنوی لحاظ سے کوئی قابل توجہ کام نہیں کر سکے۔ جب کہ انسانی زندگی میں وقت کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ خود خداوند عالم اپنی کتاب میں متعدد جگہوں پر مختلف اوقات اور زمانوں کی قسم کھاتا ہے کبھی والفجر کی شکل میں فجر کے وقت کی قسم، کبھی والضحی کی شکل میں چاشت کے وقت کی قسم اور کبھی و العصر کی صورت میں عصر کے وقت یا مطلق عصر اور زمانہ کی قسم۔

اور سورہ و العصر میں تو اس مفہوم کو صراحت کے ساتھ بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے:

وَالْعَصْرِ ﴿١﴾ إِنَّ الإنْسَانَ لَفِی خُسْرٍ ﴿٢﴾ إِلا الَّذِینَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ ﴿٣﴾

ترجمہ: قسم ہے زمانہ کی؛ بے شک ہر انسان گھاٹے میں ہے؛ سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور عمل صالح انجام دیا اور ایک دوسرے کو حق کی سفارش کرتے رہے اور ایک دوسرے کو صبر کی سفارش کرتے رہے.

خسران کا لفظ جو اس سورہ عصر میں استعمال ہوا ہے اس کی وضاحت اور تشریح کے لئے بعض مفسرین ایک برف بیچنے والے شخص کی مثال پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ایک برف بیچنے والے شخص کا سارا سرمایہ اور پونجی اس کا برف ہی ہوتا ہے اور یہ برف ایک ایسا سرمایہ ہے اس شخص کے لئے جو مسلسل کم ہوتا چلا جا رہا ہے مسلسل پگھل رہا ہے گھل رہا ہے کم ہو رہا ہے. بالکل یہی مثال اور یہی حالت انسانی زندگی کی بھی ہے جو مسلسل جاری اور ساری ہے مسلسل گزر رہی ہے ختم ہو رہی ہے کم ہو رہی ہے کیونکہ  اس کا بھی جو حصہ، جو مرحلہ گزر رہا ہے وہ پلٹ کر آنے والا نہیں ہے؛ جو ساعتیں، جو گھڑیاں، جو اوقات، جو لمحات اس زندگی میں یکے بعد دیگرے گزر رہے یا گزر چکے ہیں وہ ہرگز واپس پلٹ کر آنے والے نہیں ہیں. لہذا انسان کا سارا سرمایہ اس کا یہ وقت ہی ہے جو سیکنڈ، منٹ، ساعت، دن رات، ہفتہ، مہینہ اور سال کی صورت میں لگاتار گزرتا چلا جا رہا ہے. خوش نصیب اور کامیاب انسان وہ ہے جو اپنی زندگی سے، اپنے اوقات زندگی سے، زندگی کی ان فرصتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے.

زندگی کے انہی اہم اوقات اور فرصتوں میں سے ایک ماہ مبارک رمضان کی فرصت اور نعمت بھی ہے یہ ماہ مبارک رمضان ایک ایسی فرصت اور نعمت ہے کہ اگر انسان چاہے اور توفیق الٰہی اس کے شامل حال ہو جائے تو کئی سالوں کا طولانی سفر نہایت ہی مختصر مدت میں طے کر سکتا ہے چونکہ اس مہینے کے ایام کوئی معمولی ایام نہیں ہیں، اس کی راتیں کوئی عام سی راتیں نہیں ہیں، اس کی ساعتیں کوئی معمولی ساعتیں نہیں ہیں جیسا کہ پیغمبر اسلام نے خطبہ شعبانیہ اس سلسلے میں ارشاد فرمایا:

 شَهْرٌ هُوَ عِنْدَ اللَّهِ أَفْضَلُ الشُّهُورِ وَ أَیَّامُهُ أَفْضَلُ الْأَیَّامِ وَ لَیَالِیهِ أَفْضَلُ اللَّیَالِی وَ سَاعَاتُهُ أَفْضَلُ السَّاعَاتِ

(عیون اخبار الرضا، جلد 1، صفحه 295؛ امالی صدوق، صفحه 93).

یہ ماہ رمضان) ایک ایسا مہینہ ہے جو اللہ کے نزدیک تمام مہینوں سے افضل ہے، اس کے ایام تمام ایام سے افضل ہیں، اس کی راتیں تمام راتوں سے افضل ہیں اس کی ساعتیں (اور لمحات) تمام ساعتوں (اور لمحوں) سے افضل ہیں.

اور سب سے بڑھ کر اس مہینے کے اندر ایک ایسی رات موجود ہے جو ہزار مہینوں سے بالاتر ہے جسے شب قدر کہا جاتا ہے جو قرآن کے نزول کی رات ہے جو تقدیر لکھے جانے کی رات ہے جس کے لئے خدا فرماتا ہے:

 لَيْلَةُ الْقَدْرِ خَيْرٌ مِنْ أَلْفِ شَهْرٍ (سوره قدر، آیت ۳)؛ یہ ایک رات ہزار راتوں سے نہیں بلکہ ہزار مہینوں سے برتر اور بالاتر ہے.

ہزار مہینوں کو اگر ہر سال کے 12 مہینوں پہ تقسیم کیا جائے تو تقریبا 80 سال کا ایک طولانی عرصہ بنتا ہے. اس ایک رات کے ہزار مہینوں سے بالاتر ہونے کا مطلب یہ ہوا کہ اس مہینے کی یہ ایک رات جسے شب قدر کہا جاتا ہے تقریبا 80 سال کی ایک طولانی عمر سے افضل اور بالاتر ہے.

شیخ کلینی نے اپنی کتاب الکافی کی ایک روایت میں حمران کے ایک سوال کو جو اسی آیت مذکورہ کے متعلق ہے نقل کیا ہے جو انہوں نے حضرت امام باقر علیہ السلام کی خدمت میں پہنچ کر دریافت کیا اور عرض کیا: شب قدر ہزار راتوں سے برتر ہے اس کا مطلب کیا ہے؟. امام باقر علیہ السلام نے ارشاد فرمایا:

  اَلْعَمَلُ اَلصَّالِحُ فِيهَا مِنَ اَلصَّلاَةِ وَ اَلزَّكَاةِ وَ أَنْوَاعِ اَلْخَيْرِ خَيْرٌ مِنَ اَلْعَمَلِ فِي أَلْفِ شَهْرٍ لَيْسَ فِيهَا لَيْلَةُ اَلْقَدْرِ (الکافي ج ۴، ص ۱۵۷)؛

اس سے مراد یہ ہے کہ اس رات (شب قدر) میں عمل صالح انجام دینا، نماز پڑھنا، زکوۃ دینا (انفاق کرنا) اور اسی طرح کی دوسری نیکیاں کرنا، دوسرے ان ہزار مہینوں کی نیکیوں اور عمل صالح سے بہتر اور بالاتر ہےجن میں شب قدر نہ ہو.

خداوند عالم کی بارگاہ میں بطفیل محمد ص و آل محمد ع دعا ہے کہ ہمیں اس مبارک مہینے کی عظیم فرصتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق مرحمت فرمائے اور اس مہینے کی برکتوں، رحمتوں اور مغفرت سے محروم رہنے والوں میں قرار نہ دے۔

مطالب مرتبط
ارسال نظر برای این مطلب

کد امنیتی رفرش
اطلاعات کاربری
  • فراموشی رمز عبور؟
  • آرشیو
    آمار سایت
  • کل مطالب : 123
  • کل نظرات : 2
  • افراد آنلاین : 1
  • تعداد اعضا : 0
  • آی پی امروز : 3
  • آی پی دیروز : 5
  • بازدید امروز : 53
  • باردید دیروز : 6
  • گوگل امروز : 0
  • گوگل دیروز : 0
  • بازدید هفته : 67
  • بازدید ماه : 102
  • بازدید سال : 1,447
  • بازدید کلی : 21,801